
کھٹے میٹھے آڑو کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ اسے 8ہزار سال سے زیادہ عرصہ پہلے چین میں کاشت کیا گیا تھا۔آڑو کوآلوبخارے، خوبانی، چیری اور بادام سے منسلک کیا جاتا ہے جن کے پھل میں ٹھوس بیج ہوتے ہیں۔آڑو کو پھل کی شکل میں بھی کھایا جاسکتا ہے اور مختلف اقسام کی سلاد اور پکوانوں کے ذریعے بھی جزوبدن بنایا جاسکتا ہے۔آڑو متعدد غذائی اجزاء سے بھرپور ایک پھل ہے جس سے متعدد طبی فوائد بشمول نظام ہاضمہ میں بہتری، ہموار جلد اور دیگر فائدے بھی حاصل ہوتے ہیں۔اس پھل کے چند حیرت انگیز فوائد درج ذیل ہیں:
متعدد غذائی اجزاء اور اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپورآڑو میں کئی وٹامنز، منرلز اور مفید نباتاتی مرکبات موجود ہوتے ہیں۔ایک درمیانے سائز کے آڑو میں سے جسم کو58کیلوریز، ایک گرام پروٹین، ایک گرام سے کم چکنائی،14گرام کاربوہائیڈریٹس، 2گرام فائبر، وٹامن سی کی روزانہ درکار مقدار کا 17فیصد حصہ، وٹامن اے کی روزانہ درکار مقدار کا 10فیصد حصہ، پوٹاشیم کی روزانہ درکار مقدار کا 8فیصد حصہ، وٹامن ای کی روزانہ درکار مقدار کا 5فیصد حصہ، وٹامن کے کی روزانہ درکار مقدار کا 5فیصد حصہ، کاپر کی روزانہ درکار مقدار کا 5فیصد حصہ اور مینگنیز کی روزانہ درکار مقدار کا 5فیصد حاصل ہوتا ہے۔
اس کے علاوہ آڑو میں میگنیشم، فاسفورس، آئرن اور کچھ وٹامنز بی کی معمولی مقدار بھی موجود ہوتی ہے۔اسی طرح اس پھل میں نباتاتی مرکبات کی شکل میں اہم اینٹی آکسیڈنٹس ہوتے ہیں جو تکسیدی نقصان کا مقابلہ کرتے اور جسم کی عمر میں اضافہ اور امراض سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔
نظام ہضم کے لیے مفید
آڑو نظام ہضم کو صحت مند بنانے میں بھی مددگار پھل تصور کیا جاتا ہے۔ایک درمیانے سائز کے آڑو سے2 گرام فائبر ملتا ہے جن میں سے 50فیصد حل ہوجانے والا اور باقی غیر منحل ہوتا ہے۔حل نہ ہونے والا فائبر قبض سے بچاتا ہے جبکہ حل ہوجانے والا فائبر آنتوں میں موجود صحت کے لیے مفید بیکٹیریا کی غذا ثابت ہوتا ہے، جس سے مفید فیٹی ایسڈز بنتے ہیں، جو ورم اور امراض ہضم سے بچاتے ہیں۔
دل کی صحت بھی بہتر کرے
پھلوں بشمول آڑو کو کھانے سے دل کی صحت بھی بہتر ہوسکتی ہے۔آڑو کھانے کی عادت ممکنہ طور پر امراض قلب کا خطرہ بڑھانے والے عناصر جیسے ہائی بلڈ پریشر اور کولیسٹرول سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔
تحقیقی رپورٹس کے مطابق آڑو میں موجود بائل ایسڈز بلڈ کولیسٹرول کی سطح میں کمی لانے میں مدد کرتے ہیں۔جانوروں پر ہونے والی تحقیق میں آڑو کے استعمال سے نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح میں کمی کو دریافت کیا گیا تاہم انسانوں پر اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
جلد کے لیے مفید
آڑو جلد کو صحت مند رکھنے کے لیے بھی بہترین پھل ہے۔تحقیقی رپورٹس کے مطابق اس پھل میں موجود بعض مرکبات جلد کی نمی کو برقرار رکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جس سے جلد کی ساخت بہتر ہوتی ہے۔
مخصوص اقسام کے کینسر سے ممکنہ تحفظ
بیشتر پھلوں کی طرح آڑو میں ایسے مفید نباتاتی مرکبات بھی ہوتے ہیں جو مختلف اقسام کے کینسر سے کسی حد تک تحفظ فراہم کرسکتے ہیں۔خصوصاً آڑو کی جلد اور گودا میں کیروٹین اور کیفیک ایسڈ جیسے2 اینٹی آکسیڈنٹس کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے جو کینسر کش خصوصیات کے حامل ہیں۔اس پھل میں پولی فینولز کی شکل میں ایسے اینٹی آکسیڈنٹس موجود ہیں جو کینسر زدہ خلیات کی نشوونما اور پھیلائو کو ممکنہ طور پر محدود کرسکتے ہیں۔ابتدائی تحقیقی رپورٹس کے مطابق آڑو میں موجود پولی فینولز کینسر زدہ خلیات کو مارنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں جبکہ صحت مند خلیات کو نقصان نہیں ہوتا۔اس مقصد کے لیے روزانہ2سے 3آڑو کھانے کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ مطلوبہ مقدار میں پولی فینولز جسم میں جاسکیں، تاہم اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
الرجی علامات میں کمی
آڑو سے الرجی کی علامات کو بھی کم کیا جاسکتا ہے۔تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ آڑو سے ممکنہ طور پر الرجی کی علامات کی شدت کو کم کیا جاسکتا ہے کیونکہ وہ خون میں اس مخصوص کیمیکل کے اخراج کی روک تھام کرتا ہے جو اس کا سبب ہوتا ہے ۔تاہم اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
مدافعتی نظام مضبوط کرے
آڑو میں مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے والے اجزاء اور اینٹی آکسیڈنٹس موجود ہوتے ہیں جو کہ مخصوص اقسام کے بیکٹیریا سے لڑنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

٭…٭…٭