سانس میں تنگی

برصغیر میں 11.4فیصد جبکہ پاکستان میں43فیصد افراد ضیق النفس (تنگیٔ تنفس) کے سبب جاں بلب نظر آتے ہیں۔ اس مرض میں کھانسی کے علاوہ شدید مضطرب کرنے والی حالت دم گھٹنا ایسی کیفیت(Fixation) پیدا ہو جاتی ہے۔

اکثر افراد کو حساسیت (الرجی) کی وجہ سے دم گھٹنے کی شکایت ہو جاتی ہے، مگر کچھ اشخاص کو بعض غذائوں سے دم گھٹنے کی کیفیت عارض ہوجاتی ہے، مثلا ًانڈہ، گھی، آلو، چاول، بھنڈی، اروی اور نفخ پیدا کرنے نیز سرد مزاج والے پھل وغیرہ ۔ ایک قلیل تعداد کے پھیپھڑوں کی نالیوں عروقِ خشنہ (Bronchiole) میں خراش یا رکاوٹ (Cyst ) دم گھٹنے کا سبب ہے۔کبھی دیکھا گیا ہے کہ فشار الدم قوی (ہائی بلڈ پریشر)کے مریض بھی اس عارضے سے تنگ رہتے ہیں، انھیں سعال قلبی (Cardiac Cough) اور بعض اوقات دمہ قلبی(Cardiac Asthma) میں مبتلا کہتے ہیں۔ معدے میں موجود ریح ہو یا گیس وغیرہ جب حجابِ حاجز(Diaphragm) کو اوپر کی جانب دھکیلتی ہے تب بھی گھبراہٹ کے ساتھ دم گھٹنے کی کیفیت پیدا ہوجاتی ہے۔

سانس میں تنگی کے اسباب

اول :… ہوائے نسیم (آکسیجن) کی کمی مثلاً زیادہ بلندی پر چڑھتے وقت آکسیجن ٹینشن ۔ اس موقع پر آدمی لمبی اور کھینچ کر سانس لیتا ہے، یہ بیماری نہیںاس لئے کہ نیچے اترنے پر تکلیف جاتی رہتی ہے۔
دوم :… سینے پر چوٹ لگنے سے: اگر عروقِ خشنہ پر چوٹ آجائے اور خون نکل آئے تو اس موقع پر بھیسانس میں تکلیف اور کھانسی کی شکایت ہو جاتی ہے، اس حالت میں کھانسی کے ساتھ خون کے قطرے بھی خارج ہوتے ہیں۔ ساتھ ہی سینے میں شدید جلن محسوس ہوتی ہے۔
سوم:… بعض ادویہ جو غیر مشارکی (Para Sympathetic) اعصابی نظام کو متحرک کرتی ہیں ان کے مضر اثرات کے باعث بھی تنگیٔ تنفس لاحق ہوتی ہے، جو ادویہ آنتوں کو تحریک دیتی ہیں وہ بعض اوقات عروقِ خشنہ کو تنگ(ضیق) بھی کردیتی ہیں۔
چہارم :… زیادہ ٹھنڈی اشیاء خور ونوش اور سردی زیادہ لگنے سے بھی تنگیٔ تنفس عارض ہوجاتا ہے ، کیونکہ جسم اپنی موجودہ گرمی کو محفوظ رکھنے کے لیے شریانوں ، وریدوں سمیت تمام عروق کو سکیڑتا ہے۔ ایسے موقع پر سفیدہ کے پتوں کا بھپارہ (Inhalation) مفید ثابت ہوتا ہے۔
پنجم :… کچھ لوگوں کے پھیپھڑے پیدائشی کمزور ہوتے ہیں، ایسے لوگوں کو ذہنی دبائو مثلا ًامتحان کے ایام میں سانس کی خرابی کی شکایت ہوجاتی ہے۔
ششم :… جانور پالنے والے حضرات کو بھی سانس کی تنگی میں مبتلا دیکھا گیا ہے۔
ہفتم:… نزلہ کے دوران جب نزلاوی رطوبات پھیپھڑوں پر گرتی ہیں، اس سے سانس میں تنگی ہوجاتی ہے کیونکہ گاڑھا بلغم عروقِ خشنہ کی چوڑائی کم کردیتا ہے۔ ایسی حالت میں بلغم کو رقیق کرنے والی ادویہ دی جاتی ہیں۔
ہشتم:… نمونیہ میں مبتلا اشخاص تنگی ٔ تنفس سے دوچار ہوتے ہیں، کیونکہ نمونیہ کی وجہ بننے والے بیکٹیریا اپنی سمیت (زہریلے مواد) سے پھیپھڑوں کو اذیت پہنچاتے ہیں، جس کے نتیجے میں پھیپھڑوں کی نالیاں سکڑ جاتی ہیں، لہٰذا کھانسی اور سانس میں رکاوٹ پیدا ہو جاتی ہے۔

تنگیٔ تنفس سے بچنا کیسے ممکن ہے؟

٭… روزانہ معمولی ورزش کریںتاکہ دوران ِخون بحال رہے اور ہوائے نسیم پھیپھڑوں کو بلا رکاوٹ پہنچ سکے۔
٭… خوراک میں ادرک کا استعمال کریںکہ یہ بلغم، ریح خارج کرتا ہے اور معدے کو طاقت دیتا ہے، علاوہ ازیں مصفی خون ہے۔
٭… نیند پوری لیں جدید تحقیق کے مطابق کم سونے سے جسم کی عروق میں تنائو اور خشکی پیدا ہوتی ہے، اس تنائو سے کھانسی ہوتی ہے جو عروق ِ خشنہ میں خراش پیدا کر کے بلغم کی پیداوار بڑھاتی ہے۔
٭… ایسے علاقوں میں جانے سے اجتناب کریں جہاں مویشیوں کی بو ہو ، کیونکہ اس بو میںمختلف اقسام کے جراثیم ہوتے ہیں۔
٭…روزانہ ایک گھنٹہ ضرور سر سبز پارک یا کھیت میں جا کر گہرے سانس لینے چاہیے، تاکہ پھیپھڑے تازہ ہوا حاصل کر سکیں۔
٭… سرد مزاج کے پھل یا سبزیاں کھائیں توگرم مصالحہ اور ادرک ہمراہ استعمال کریں تاکہ اصلاح ہو سکے۔
٭… سرد ہوا میں ورزش سے اجنتاب کریں۔
٭…امتحان یا دبائو کے ایام میں مقوی دماغ غذا ضرور لیں۔

تنگیٔ تنفس کی شکایت ہو جائے تو کیا کریں؟

٭… اگر بلغم خارج ہو تو قطعاً نہ روکیں، بلکہ بلغم خارج کرنے کی تدابیر اختیار کریں۔
٭… ہلکی رفتار سے پیدل چلیں تاکہ پھیپھڑوں پر زور نہ پڑے۔
٭… ٹھنڈی اشیاء کے استعمال سے پرہیز کریں۔
٭…خوراک میں پرندوں کے گوشت کی یخنی لیں۔
٭… سوتے وقت ایک دم سردی سے گرمی والے ماحول میں نہ جائیں، اکثر سوتے ہوئے لوگوں کو جب پسینہ آتا ہے تو فورا چہرہ اوڑھنی (کمبل، رضائی) سے باہر نکال لیتے ہیں، اسی طرح فوراً اٹھتے ہی پیاس بجھانے کے لیے ٹھنڈا پانی ایک سانس میں پی جاتے ہیں ، ان تدابیر سے پھیپھڑے اذیت پاتے ہیں۔
٭… خوراک میں دہی ، لسی ، اچار، چاول ، ترش و تلی ہوئی اشیاء سے پرہیز کریں۔ ٭… سینے کی صفائی کے غرض سے دارچینی کا قہوہ لیں۔

اگر مندرجہ بالا تدابیر سے آرام نہ آئے تو ادویہ استعمال کریں۔

سوم کلپا، ملٹھی، برگ توت سیاہ ، برگ اڑوسہ کا قہوہ لیں، خوراک بمطابق عمر۔

ڈاکٹر حکیم وقار حسین

٭…٭…٭

سانس میں تنگی
Tagged on:                         

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *