
ہوسکتا ہے کہ صبح سورج طلوع ہونے سے قبل بیدار ہونا بیشتر افراد کو ناممکن لگتا ہو، لیکن بڑی تعداد میں کامیاب کاروباری افراد اور لیڈروں کا ماننا ہے کہ علی الصبح بستر سے نکل آنا ذہنی اور جسمانی صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔کچھ عرصہ قبل شائع شدہ ایک رپورٹ کے مطابق صبح جلدی بیدار ہونا کسی فرد کی ذہنی اور جسمانی کارکردگی میں اضافے کا باعث بنتا ہے کیونکہ اس وقت بیرونی مداخلت کا امکان نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے یعنی اس وقت لوگ سوشل میڈیا کو نہیں دیکھتے جبکہ اتنی صبح ایس ایم ایس یا میسجنگ وغیرہ کے لیے بھی کوئی فرد دستیاب نہیں ہوتا۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ہمارا جسم دن کے آغاز میں زیادہ متحرک ہوتا ہے، جبکہ ذہن بھی علی الصبح زیادہ الرٹ ہوتا ہے جس کے باعث ذہنی و جسمانی کارکردگی میں اضافہ ہوتا ہے۔
خیال رہے کہ 1400 سال قبل اسلامی تعلیمات میں بھی صبح جلد اٹھنے کی تاکید کی گئی تھی۔اس حوالے سے مختلف ریسرچ رپورٹس میںجو فوائد سامنے آئے وہ ذکر کئے جاتے ہیں:
منفی سوچ سے نمٹنے میں مدد
2014 ء کی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ جو لوگ رات دیر گئے سونے کے عادی ہوتے ہیں، ان پر منفی خیالات کا غلبہ طاری ہوسکتا ہے، اس کے مقابلے میں جلد سونے کے لیے لیٹنا اور اچھی نیند لینا مختلف مسائل سے نمٹنے کی صلاحیت کو بہتر بناتا ہے جبکہ ہر رات 6 سے 9 گھنٹے کی نیند منفی سوچ کو دور رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔
کامیابی کے امکانات میں اضافہ
جرمنی میں ہونے والی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ،کہ جب عملی زندگی میں کامیابی سے ہم کنار ہونے والے افراد کو دیکھا جاتا ہے تو صبح جلد اٹھنے والے لوگ زیادہ کامیاب ثابت ہوتے ہیں۔ ایسے ہی طلبہ اسکول میں بہتر امتحانی نتائج حاصل کرتے ہیں جس کے نتیجے میں وہ اچھے کالجوں میں جاتے ہیں اور بعدازاں اچھی ملازمت کے حصول کا امکان بڑھانے والا عنصر ہے۔ ایسے افراد مسائل کا سامنا کھلے دل سے کرتے ہیں اور اسے ہر ممکن حد تک کم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ایک تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ایسے افراد تسلسل سے اپنا کام جاری رکھتے ہیں، دوسروں سے تعاون کرتے ہیں، جلد مطابقت پیدا کرتے اور باشعور ہوتے ہیں، یہ تمام چیزیں کامیابی کے لیے ضروری ہیں کیونکہ ایسے افراد کو زیادہ پسند کیا جاتا ہے جبکہ منظم زندگی کے ساتھ وہ نئی چیزیں سیکھنے کی بھی خواہش رکھتے ہیں۔

٭…٭…٭