
چکن کڑاہی میں جب تک قصوری میتھی نہ شامل کی جائے ہانڈی کا ذائقہ نہیں بنتا۔ شروع شروع میں انسان کی خوراک کا انحصار نباتات پر تھا۔ ان ہی میں سے ایک سبزی میتھی بھی ہے جوبرصغیر پاک و ہند میں نہایت شوق سے کھائی جاتی ہے ۔ پالک کے ساتھ آلوملا کر اور کبھی صرف آلو میتھی، جس کی غذائیت اور ذائقے میں دو رائے نہیں ہوسکتیں۔ سالنوں میں قصوری میتھی شامل کرنا بے حد عمدہ ذائقہ دیتا ہے۔
میتھی د انہ کواچار کا بنیادی جزو کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ اچار گوشت کے اجزاء میں بھی میتھی دانہ شامل کیا جاتا ہے ۔ یہ سبزی سال بھر دستیاب ہوتی ہے تاہم موسم سرما کی خاص سوغات ہے۔ سبز پتوں کو آلو قیمے اور چنوں میں بھی استعمال کیا جاتا ہے ۔ یہ سرد اور گرم دونوں طرح کے موسم کے حاملین ملکوں میں دستیاب ہوجاتی ہے ۔ موسم سرما میں اس کی کاشت شروع ہو جاتی ہے ۔
آئرن سے بھرپور اس سبزی کو مکئی کے آٹے میں گوندھ کر روغنی روٹیاں بنائی جاتی ہیں ۔ اگر انہیں مرضعہ(دودھ پلانے والی) اور خون کی کمی کے شکار افراد بالعموم خواتین کو کھلایا جائے تو ان کی صحت بحال رہتی ہے۔
مصری باشندے میتھی کے بیجوں کو بخار کے لئے مفید قرار دیتے ہیں۔ اس کے بیجوں کو پانی میں بھگو کر لعاب مخصوص ترکیب سے تیار کر لیا جاتا ہے۔ جسے بخار، پیٹ درد اور ذیابیطس جیسے امراض کے لیے تریاق کہا گیا ہے۔ یہ لعاب آنتوں کو نرم کرتا ہے۔ نیز پیٹ اور آنتوں کے ورم کو دور کرتا ہے ۔ میتھی میں اومیگا 3، آئرن ، فولیٹ اور کیلشیم جیسے قیمتی اور اہم اجزاء موجود ہیں۔
مرضعہ کے لیے یہ سبزی اس لئے بھی اکسیر ہے کہ ان میں خون کی کمی کی شکایت ہو سکتی ہے، اس صورت حال میں میتھی دانے کا لعاب بھی فائدہ مند ہے۔6گرام میتھی دانوں کا سفوف ایک پیالی دودھ میں ملاکر شہد سے میٹھا کرلیں اور صبح نہار منہ پینے سے کھانسی میں آرام ملتا ہے اور بلغم خارج ہوتا ہے ۔ یہ سانس اور خوراک کی نالی کی خراش اور خشکی دور کرتا ہے۔ ماحولیاتی آلودگی کے اثرات دور کرنے کے لیے بھی میتھی مفید سبزی ہے۔ اسی طرح میتھی دانے بھی اینٹی الرجی ہیں۔ایک چائے کے چمچ کے برابر میتھی کے بیج آدھا گلاس پانی میں جوش دے کر چھان لیں شہد ملا کر رات کو سونے سے قبل یا نہار منہ 15روز تک مسلسل استعمال کرنے سے افاقہ ہوتا ہے ۔ بھجیا بنا کر کھائیں ، بیجوں کو لڈوئوں اور حلوئوں میں بھی استعمال کیا جاتا ہے ۔ بعض لوگ اسے گڑ میں ملا کر کھانا بھی پسند کرتے ہیں۔ اس شکل میں یہ اعصابی کمزوری دور کرتے ہیں۔ یہ قبض دور اور ہضم کو بہترکرنے والی سبزی ہے۔

٭…٭…٭