سیرت طیبہ ﷺکی روشنی میں صحت اور وقت کی قدر و قیمت

ہم میں سے لوگوں کی اکثریت صحت اور وقت کی قدر و قیمت کو نہیں پہچانتی، رسول اللہ ﷺ نے اس بارے میں کتنی قیمتی بات ارشاد فرمائی ہے:

’’نِعْمَتَانِ مَغْبُوْنٌ فِیْھِمَا کَثِیْرٌ مِنَ النَّاسِ: اَلْصِّحَّۃُ وَالْفَرَاغُ۔‘‘ (صحیح بخاری ، کتاب الرقاق)

 دو نعمتیں ایسی ہیں جن کے بارے میں لوگوں کی اکثریت دھوکے میں پڑی رہتی ہے۔ وہ صحت اور فرصت کے لمحات ہیں۔

صحت کس طرح بحال رہتی ہے؟

اسلام کی پاکیزہ تعلیمات ہمیں وقت کا پابند بھی بناتی ہیں اور سیرت طیبہ ﷺ کی پیرو ی صحت کے حوالے سے بھی انہیں قیمتی بنا دیتی ہیں۔ آیئے دیکھیں اور غور کریں ۔ پانچ وقتہ نماز پابندیٔ وقت کے ساتھ مسجد میں ادا کرنے سے صحت بحال رہتی ہے۔ رب کریم کا ارشاد ہے:

اِنَّ الصَّلٰوۃَ کَانَتْ عَلَی الْمُؤْمِنِیْنَ کِتٰبًا مَّوْقُوْتًا۔(النساء4؍آیت103)

نماز درحقیقت ایسا فرض ہے جو پابندیٔ وقت کے ساتھ اہلِ ایمان پر لازم کیا گیا ہے۔یہ ایسا فریضہ ہے جو بچوں (جن کی عمریں سات برس تک پہنچ جائیں) جوانوں ، بوڑھوں، خواتین کا (گھروں میں) سب کو وقت کا پابند بناتا ہے۔

نماز سے پہلے تیاری:

ہر مسلمان کے لئے لازم ہےکہ نما ز سے پہلے اُس کی تیاری کرے۔ اگر ضرورت ہو تو واش روم جائے، پھر بہتر یہ ہے کہ گھر سے پوری احتیاط کے ساتھ وضو کرے اور ساتھ ہی مسواک یا برش کےاستعمال سےدانتوں کو صاف رکھے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشادِ گرامی ہے:

’’لَوْلَا اَنْ اَشُقَّ عَلٰی اُمَّتِیْ لَاَ مَرْتُھُمْ بِالسِّوَاکِ ۔‘‘ (بخاری:7240)

اگر میری اُمت پر یہ بات گراں نہ گزرتی تو میں مسواک کرنا اُن پر لازمی قرار دیتا۔

اطباء کا کہنا ہے کہ انسان کی بہت سی بیماریاں دانتوں کے میل کچیل سے پیدا ہوتی ہیں۔ جو لوگ دانتوں کی حفاظت کرتے ہیں اور انہیں پاکیزہ اور صاف رکھتے ہیں وہ بہت سے امراض سے بچے رہتے ہیں۔ یہ مشہور بات ہے کہ دانت اچھے تو صحت اچھی، تو گویا نماز کے بڑے فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے ان لوگوںکی خوبی بیان فرمائی ہے جو کاروبارِ زندگی میں نماز کو نہیں بھولتے ۔ وہ دفتر کے ملازمین ہوں یا دکاندار، جونہی نماز کا وقت آتا ہے وہ کچھ وقت کے لئے انہیں چھوڑ کر نماز کی طرف لپکتے ہیں۔ ارشاد ہوتا ہے:

’’رِجَالٌ لا لَّا تُلْھِیْھِمْ تِجَارَۃٌ وَّ لَا بَیْعٌ عَنْ ذِکْرِاللّٰہِ وَ اِقَامِ الصَّلٰوۃِ۔‘‘ (النور 24؍ آیت 37)

(اللہ کے پسندیدہ بندے) وہ ہیں جنہیں تجارت اور خریدو فروخت اللہ کی یاد اور اقامتِ نماز سے غافل نہیں کردیتی۔

نماز اور اجتماعیت:

مسلمانوں کی قوت کا سارا راز اُن کی اجتماعیت میں ہے ۔آپ غور کیجئے چھوٹی مساجد میں پانچ وقتہ نماز، جامع مساجد میں جمعۃ المبارک کے اجتماعات اور میدانِ عرفات میں عالمگیر اجتماع مسلمانوں کی اجتماعیت کا اعلان ہے۔ ربِّ کریم کا اعلان ہے:

  وَاعْتَصِمُوْا بِحَبْلِ اللّٰہِ جَمِیْعًا وَّ لَا تَفَرَّقُوْا۔ ( آلِ عمران3؍ آیت103)

(مسلمانو!) تم سب مل کر اللہ کی رسی (قرآن حکیم) کو مضبوطی سے تھام لو اور آپس میں تفرقہ نہ ڈالو۔

:شاعرِ مشرق کی صدا ہے ؎

ایک ہوں مسلم حرم کی پاسبانی کے لئے

نیل کے ساحل سے لے کر تابخاکِ کاشغر

شیخ عمر فاروق

سیرت طیبہ ﷺکی روشنی میں صحت اور وقت کی قدر و قیمت
Tagged on:                 

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *