
مورخہ 24ستمبر2021 بروز جمعۃ المبارک جناب محمد اقبال ایڈمنسٹریٹر نیشنل کونسل فار طب کی زیرِ صدارت اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں نیشنل کونسل فار طب کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔جس میں کونسل کے تمام منتخب و نامزد کردہ 22 اراکین نیشنل کونسل فار طب (برائے سال 2021 تا 2026)نے حلف اٹھایااور کونسل کے صدر اور نائب صدر کا انتخاب کیا۔ جس میںجناب حکیم محمد احمد سلیمی کو بطور صدر بھاری اکثریت کے ساتھ اور جناب حکیم سراج الدین چانڈیو کو متفقہ طور پر نائب صدر نیشنل کونسل فار طب منتخب کیا گیا۔ تمام عمل نہایت شفاف اور پر امن دوستانہ ماحول میں وقوع پزیر ہوا۔بعد ازاں جناب محمد اقبال(ایڈمنسٹریٹر) نے باضابطہ طور پر نو منتخب صدرحکیم محمد احمد سلیمی کو کرسی صدارت پیش کی۔
تقریب حلف برداری میں جناب ڈاکٹر زاہد اشرف مرکزی سینئر نائب صدر پاکستان طبی کانفرنس، جناب حکیم منصورالعزیز مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان طبی کانفرنس اورجناب حکیم عبدالوحید مرکزی نائب صدر پاکستان طبی کانفرنس کے علاوہ ملک بھر سے جید اطباء کرام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اجلاس سے نو منتخب صدر جناب حکیم محمد احمد سلیمی،نائب صدر جناب حکیم سراج الدین چانڈیو،نو منتخب رکن جناب حکیم مولانا محمد اکبر درس،جناب ڈاکٹر زاہد اشرف اور جناب حکیم منصور العزیز نے خطاب فرمایا۔
اس سیشن کے اختتام پر تمام اطباء کی پر تکلف چائے کے ساتھ ضیافت کی گئی۔اجلاس کے دوسرے سیشن میں نئی کمیٹیوں کے قیام،ان کے سربراہان اور اراکین کی متفقہ منظوری دی گئی۔
صدر محترم کی اجازت سے رجسٹرار نیشنل کونسل فار طب جناب ڈاکٹر محمد اسماعیل کی طرف سے پیش کئیگئے چند دیگر امور پر بحث کے بعد فیصلے کئے گئے اور اختتامی دعا کے ساتھ نیشنل کونسل فار طب کا پہلا با ضابطہ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔
حکیم ذوالفقار علی زاہد
(چیئر مین اطلاعات و نشرو اشاعت)
(نیشنل کونسل فار طب)
٭…٭…٭