
ماہیت: ترنج لیموں کے خاندان سے تعلق رکھنے والا، خوشبو دار اور خو شنما پھل ہے۔
رنگت: زرد سرخی مائل۔
مزاج: سرد و خشک درجہ سوم۔
افعال: قابض، مسکن صفراء و خون، مقوی معدہ و جگر،مقوی قلب اور جالی خصوصیات کا حامل ہے۔
استعمال: اسہال صفراوی میں اس کے استعمال سے دست آنا بند ہوجاتے ہیں۔ تاہم قبض کے عادی مریضوں کے لئے بھی یہ مفید ہے ۔صفراء کی زیادتی اور خون کے جوش کو دور کرنے کے لیے استعمال کرواتے ہیں جبکہ متلی اور قے کو روکنے کے لیے بھی مستعمل ہے۔ وبائی امراض میں اس کا استعمال بطور خاص مفید ہے۔ دوران سفر وہ بچے یا خواتین جن کو خالی معدہ اور بھرے ہوئے معدہ ہر دو صورتوں میں قے کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہ اس کو سفر شروع کرنے سے قبل اور اگر سفر لمبا ہو تو دوران سفر استعمال کریں بفضلہ تعالیٰ سفر بآسانی گزرے گا۔یہ فائدہ اس کو سونگھنے سے بھی ہوتا ہے۔
نفع خاص: صفراوی اسہال، قے اور متلی کو بند کرتا ہے۔
مصلح: شہد اور فلفل سیاہ۔
بدل: نارنج اور لیموں۔
مضر: بلغمی امراض کے حامل افراد کو مضر ہے۔
ترنج سے تیار ہونے والی غذائیں
سکوائش
یہ پھل صرف موسم سرما میں دستیاب ہوتا ہے۔ موسم گرما میں ہمارے ملک میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے جس کی متعدد وجوہات ہیں جن میں سے چند ایک درج ذیل ہیں:
پودوں کی کمی جو کہ بڑھتی ہوئی گرمی کا باعث ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ زیر کاشت رقبہ آبادی کے بڑھنے کے باعث رہائش کے مقاصد کے لیے استعمال ہورہا ہے ۔ صنعتوں کو بجلی اور گیس کی فراہمی میں تعطلی کے باعث بطور ایندھن درختوں کی کٹائی اور ان کا استعمال ہے۔
مذکورہ بالا حالات کے پیش نظر جوں جوں گرمی بڑھتی جارہی ہے اس کے تدارک کے لیے موسم سرما میں قدرت کی طرف سے عطا کردہ اس عطیہ کو موسم گرما کے لیے محفوظ کرلیتے ہیں تاکہ گرمی کی شدت کا مقابلہ کرنے کے ساتھ ساتھ لذیذ مشروب سے لطف اندوزی کا سامان بھی کرسکیں۔ اس کی ترکیب حسب ذیل ہے:
ترنج جوس:5لٹر
چینی:10کلو
ترکیب تیاری: ترنج کو چھیل کر بیرونی چھلکا الگ کردیں ۔جوس نکالنے والی سادہ مشین کی مدد سے جوس نکال لیں۔ بعدازاں اس کو فلٹر کرلیں۔ جوس کو بڑے پتیلے میں ڈال کر آنچ پر رکھیں۔ اس میں چینی ڈال کر کفگیر کی مدد سے ہلاتے رہیں۔چند منٹ تک جوش آنے پر اتار لیں۔ اور ٹھنڈا ہونے پر صاف خشک بوتلوں میں بھر کر ان کو اچھی طرح بند کرلیں۔
احتیاط: چینی کو جوس میں شامل کرنے پہلے اچھی طرح ملاحظہ کرلیں تاکہ اس میں غیر جنس ہو توصفائی کرلیں۔
ایک سے دو جوش آنے پر اتار لیں بصورت دیگر زیادہ پک جانے پر نیچے چینی بیٹھ جائے گی۔
ترکیب استعمال: موسم گرما میں بطور مشروب ٹھنڈے پانی میں ملا کر نوش جان فرمائیں۔
جیم
ترنج کی خصوصیات و ذائقہ سے سال بھر محظوظ ہونے کے لیے اہل فن اس کو جیم کی صورت میں محفوظ کرلیتے ہیں تاکہ وہ افراد جو مشروب استعمال نہیں کرسکتے وہ اس کو ناشتہ میں بریڈ کے ساتھ استعمال کرکے اس کے فوائد اور لذت سے بہرہ ور ہوسکیں۔
ترنج جوس:5لٹر
پوست ترنج تازہ:100گرام
چینی:15کلو
ترکیب تیاری: ترنج کے چھلکے الگ کرکے سادہ مشین کی مدد سے اس کا جوس نکال لیں۔ اس جوس کو فلٹر کرلیں۔ چینی کو بغور دیکھ لیں تاکہ اس میں اگر کوئی غیر جنس ہوتو نکال لیں۔ ترنج کے چھلکے باریک باریک کتر لیں ان چھلکوں کے اندر لگے ہوئے سفید ریشے اتار لیں۔ جوس کو بڑے پتیلے میں ڈال کر آنچ پر رکھ دیں۔ بعدازاں اس میں چینی ڈال دیں۔ کفگیر کی مدد سے اس کو ہلاتے جائیں تاکہ چینی نیچے نہ بیٹھ جائے ۔ باریک کترے ہوئے چھلکوں کو پتیلے میں ڈال کر ساتھ پکائیں۔ جب لعوق کی مانند گاڑھا ہوجائے تو اتار لیں۔ ٹھنڈا ہونے پر شیشے یا پلاسٹک کے صاف جاروں میں بھر لیں۔
احتیاط: دوران تیاری کفگیر برابر ہلاتے رہیں ۔ بصورت دیگر چینی نیچے جم جائے گی۔
ترکیب استعمال : ناشتہ میں بریڈ کے ساتھ استعمال کریں۔
مربہ ترنج
ترنج کے فوائد و خصوصیات سے موسم گرما میں مستفید ہونے کے لئے اہل فن اس کو مربہ کی شکل دے لیتے ہیں تاکہ قدرت کے اس عطیہ سے ہر موسم خصوصاً گرمی کی شدت میں فیض یاب ہوسکیں۔
ترنج:15کلو
چینی:5کلو
ترکیب تیاری: ترنج کے چھلکے الگ کردیں 5کلو ترنج کا سادہ مشین کی مدد سے جوس نکال لیں۔ جوس کو فلٹر کرلیں۔ اس جو س میں چینی ملا کر پتیلے میں ڈال کر آنچ پر رکھ دیں۔ کفگیر کی مدد سے ہلاتے رہیں۔ جب چینی اچھی طرح حل ہو جائے تو بقیہ ترنج جن کے چھلکے اتار ے جاچکے ہوں ان کو دو تین حصوں میں کرکے تیار شدہ چاش میں ڈال دیں۔ اس کو 5منٹ اچھی طرح پکائیں پھر اتار لیں۔ ٹھنڈا ہونے پر پتیلے کا منہ کپڑے سے باندھ کر اوپر ڈھکنا دے دیں۔ صبح اٹھ کر پھر ایک جوش دیں اور آنچ سے اتار دیں۔ ٹھنڈا ہونے پر پھر کپڑے سے باندھ کر اچھی طرح ڈھانپ دیں۔تیسرے روز پھر اس کو ایک جوش دیں۔ اب ٹھنڈا ہونے پر خشک جار میں رکھ لیں۔
احتیاط: چینی کو شامل کرنے سے قبل اچھی طرح دیکھ لیں تاکہ کوئی غیرجنس اس میں موجود نہ ہو۔
ترکیب استعمال: خالی پیٹ 120گرام استعمال کریں۔ ترنج کا مربہ خفقان کو دور کرتا اور معدہ و جگر کو طاقت دیتا ہے۔
بیرونی استعمال
ترنج کے پوست کو رگڑ کر جھائیں اور داد پر لگانے سے افاقہ ہوتا ہے۔
حکیم محمد انور
A great work.
تر نج کی کاشت پاکستان کے کس علاقوں میں ہوتی ہے کیا آپ ترنج کے پودے کی تصاویر بھیج سکتے ہیں براے مہربانی جواب جلد از جلددیں شکر یہ