
کوویڈ-19 کے بطور موذی و جان لیوا وبا کے پھیلائو کے بعد بدن انسانی کی قوت مدافعت بڑھانے کی بے حد ضرورت ہے۔ اس کے لئے غذائی تدابیر پر مشتمل پیغام واٹس ایپ سے حاصل کیا گیا ہے جس کا مصنف معلوم نہیں۔
قوتِ مدافعت (Immunity) بڑھانے میں غذائوں کابڑا اہم کردار ہوتا ہے۔کچھ اہم غذائیں ایسی ہیں جن کے استعمال سے فوراً قوتِ مدافعت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔اگرآپ کسی بھی بیماری کو مات دینا چاہتے ہیں تو اس کے لئے قوت مدافعت کا ہونا بہت ضروری ہے۔اگر جسم میں قوتِ مدافعت ہوتو کوئی بھی بیماری اورانفیکشن آسانی سے آپ پرحملہ آورنہیں ہوسکتا ہے۔اگر آپ فوری طور پر قوتِ مدافعت میں اضافہ کے خواہشمند ہیں تو اپنی غذامیں ان چیزوں جیسے حل پذیر فائبر اورگہرے پتوں اور رنگوں والی سبزیوں وغیرہ کااستعمال آج ہی سے شروع کردیں۔
یخنی
یخنی قوتِ مدافعت میں فوری طور پر اضافہ کرتی ہے۔کمزو رافراد کی فوری صحت یابی کے لئے یخنی بہترین آپشن ہے۔ دیسی مرغی یامٹن کی یخنی ہڈیوں کی مضبوطی اورطاقت کاسبب بنتی ہے۔
دہی
قوتِ مدافعت بڑھانے اوربیماریوں سے لڑنے کا فوری اورسستا ذریعہ ہے ۔مختلف پھلوں کے ملاپ سے آپ اس کی افادیت میں مزید اضافہ کرسکتے ہیں۔ یہ وٹامن ڈی کا خزانہ ہے۔
بادام
وٹامن ای صحت مند مدافعتی نظام کی کلید ہے اور بادام اس سے لبریز ہے۔ اگر روز مرہ کی بنیاد پراسے اپنی غذاکاحصہ بنا لیا جائے تواس میں موجود وٹامنز اور صحت بخش فیٹ آپ کی جسمانی ضروریات پوراکرنے میں اہم کردار اداکرتاہے۔
لہسن
دنیا کے تقریباً تمام ہی کھانوں کاحصہ ہے۔کھانوں میں اس کاہونا آپ کی صحت کی ضمانت ہے۔قوتِ مدافعت میں اضافہ کی خاصیت کے ساتھ ساتھ اس میں مختلف طرح کے انفیکشن سے بچانے کی خصوصیات بھی پائی جاتی ہیں۔
ادرک
ادرک کے فوائد تو جانے مانے ہیں۔اس کا استعمال ہی صحت کی ضمانت ہے۔مختلف بیماریاں، سوزش، درد،کولیسٹرول کوکم کرنے میں اس کا کوئی ثانی نہیں۔کھانوں اور قہوہ میں ادرک کا استعمال فوائد کاباعث ہوتا ہے۔
پالک
وٹامن سی، اے، بیٹا کیروٹین اور دیگر اہم غذائی اجزاء پرمشتمل ہونے کے باعث مختلف انفیکشن سے لڑنے میں مدافعتی نظام کی مددکرتی ہے۔ لیکن زیادہ دیر پکانے کے بجائے کم پکائی جائے تو اس کی غذائی صلاحیت برقرار رہتی ہے۔
بروکلی
وٹامن اورمنرل جیسے وٹامن سی ،ای اور اے، دیگر اینٹی آکسیڈنٹس اورفائبر کاخزانہ ہونے کی وجہ سے سپر فوڈ کے طورپرجانی جاتی ہے۔اسے اپنی خوراک کاحصہ بنائیں۔عام طور پر اب یہ سبزی مارکیٹ میں آرام سے دستیاب بھی ہے۔
ہلدی
برسوں سے آزمودہ ہلدی طب میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔اپنی اینٹی انفلیمنٹری خصوصیات کے باعث صحت کے بہت سے مسائل فوری طورپرحل کرنے یہاں تک کینسر سے بھی محفوظ رکھتی ہے۔
سٹرس فروٹ
تمام سٹرس فروٹ جیسے چکوترا، لیموں، مالٹا ،مٹھا اور سنترہ وغیرہ وٹامن سی سے لبریز ہیں اور انفیکشن سے لڑنے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں۔ یہ روزانہ کی بنیاد پر آپ کی وٹامن سی کی ضرورت کو بخوبی پوراکرتے ہیں۔
کھجور
برسوں سے توانائی کی بحالی کے لئے کھجور کی اہمیت کو ترجیح دی جاتی ہے۔روزانہ اگر کھجور کو اپنی غذا کا حصہ بنالیاجائے تو بیماریاں خود بخود ہی آپ سے دور ہوجائیں گی۔
کیوی
غذائی اجزاء سے بھرپور ہونے کے باعث جسم کے باقی حصوں کوبہتر طریقے سے کام کرنے کے قابل بنات اہے۔اس میں موجود وٹامن سی انفیکشن سے لڑنے کے لئے خون میں سفید خلیات میں اضافہ کرتاہے۔
پپیتا
پوٹاشیم، وٹامن بی اور فولیٹ کی مناسب مقدار کے ساتھ دن بھر کی وٹامن سی کی ضرورت کو پورا کرتاہے۔ نظام ہضم کی درستگی کے ساتھ دافع سوزش خصوصیات رکھتاہے۔
گرین ٹی
بلیک ٹی کی بہ نسبت گرین ٹی میں طاقتور اینٹی آکسیڈنٹس پائے جاتے ہیں جوقوتِ مدافعت کو بڑھاتے ہیں۔امائنو ایسڈ کا بہترین ذریعہ ہونے کے باعث جراثیم سے لڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
سورج مکھی کے بیج
فاسفورس، میگنیشیم، وٹامن بی 6 اور وٹامن ای کا خزانہ ہونے کی وجہ سے مدافعتی نظام کوریگولیٹ کرنے میں اہم ہے۔ایک دن میں صرف دو چمچ سورج مکھی کے بیجوں سے ہی آپ اپنی وٹامن کی ضروریات پوری کرسکتے ہیں۔
انجیر
قوت مدافعت میں اضافہ کے ساتھ ساتھ دل کو فرحت بخشتی ہے اور پیاس کوتسکین دیتی ہے۔ جسم کوصحت بخشتی ہے۔ساری خصوصیات کے ساتھ ساتھ خون میں اضافہ کرتی ہے۔
٭…٭…٭