
شائد کوئی پھل یاجوس کی ایسی دکان ہوجہاں آپ کوگریپ فروٹ نہ دکھائی دیتا ہو۔اس کاحجم سنگترے سے بڑااور چھلکے کی رنگت سبزاورزردی مائل ہوتی ہے جبکہ ذائقہ کڑواہٹ ملی ترشی پرمبنی ہوتا ہے۔لوگ عموماً اس کی ترشی کی وجہ سے اسے کم استعمال کرتے ہیں بلکہ اکثر دوسرے پھلوں کے رس میں ملا کر اس کا جوس تیار کیاجاتاہے تاکہ اس کی ترشی یاکھٹاس کوکم کیا جاسکے۔تاہم بعض لوگ ایسے بھی ہیں جوسرے سے اس کو کھانے کے لئے تیار ہی نہیں ہوتے حالانکہ قدرت نے اس میں لیموں،سنگترے اور دیگر ترش پھلوں جیسی خصوصیات بھی رکھی ہیں۔یہی وجہ ہے کہ اسے مختلف امراض کابہترین علاج بھی تصورکیاجاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق جوڑوں کے درد اور ورم میں اس کااستعمال بہت مفید ہوتاہے۔اس کاجوس پینے سے جوڑوں اور ہڈیوں میں موجود ایسے مضر صحت مادے خارج ہوجاتے ہیں جوعموماًزیادہ گوشت ، میدہ(کشیدشدہ آٹے )اور پالش کئے ہوئے چاول کھانے کے باعث پیدا ہوتے ہیں۔محققین کے مطابق جوافراد بے چھنے آٹے کی روٹی،بغیر پالش چاول اور گوشت کی بجائے سبزیاں زیادہ کھاتے ہیں وہ عموماً جوڑوں کے درد، معدے کے امراض اور دیگر چھوٹے چھوٹے امراض سے بھی محفوظ رہتے ہیں۔سرخ جامنی رنگ کے گریپ فروٹ میں قدرتی طور پر خون کے انجماد کو روکنے کی صلاحیت موجودہوتی ہے۔اسی لئے اسے سیلی سائیلک ایسڈ(Salicylic Acid)کابہترین اور مٔوثر ذریعہ خیال کیاجاتا ہے۔ گریپ فروٹ میں موجود ایسپرین کی خاص بات یہ ہے کہ اسے کھانے سے کسی قسم کے جانبی اثرات کاسامنا نہیں کرنا پڑتا ہے۔
اگریپ فروٹ کارس اور گودا تواپنی جگہ فائدہ مندہوتا ہے تاہم اس کے چھلکے بھی بہت مفید اور کارآمد چیزہیں۔بالخصوص سردیوں کے موسم میں جب نزلہ زکام اور دیگر چھوٹے چھوٹے امراض عام ہوتے ہیں توگریپ فروٹ کے خشک کئے ہوئے چھلکوں کوتازہ/ خشک پودینے کے ساتھ ملاکرچائے پینا بہت فائدہ دیتا ہے۔خاص طورپر معمر اور بوڑھے افراد جنہیں سردیوں کے موسم میں ٹھنڈلگنے اور بیمارہونے کاخدشہ ہو،ان کے لئے یہ چائے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوتی ہے،دن میں تین یا چار مرتبہ پینا ضروری ہے۔
گریپ فروٹ کے اجزاء میں زخموں کوجلد خشک کرنے اور انہیں خراب ہونے سے بچانے کی صلاحیت بھی موجودہوتی ہے۔ اگرکسی جگہ کٹ لگ جائے اور کوئی چھوٹا زخم آجائے تو اس پرگریپ فروٹ کی پتلی سی پرت رکھ کراوپر سے پٹی باندھ دیں زخم نہ صرف خراب ہونے سے محفوظ رہے گا بلکہ جلد بھر جائے گا۔اس پھل کی خوبی یہ ہے کہ اسے کھانے سے جسم کاکوئی ایک فعل تیز نہیں ہوتا بلکہ جسمانی نظام کی مجموعی کارکردگی بڑھ جاتی ہے اور تمام اعضا ء زیادہ فعال ہوجاتے ہیں۔
اس کا تازہ رس جگر کے خون پیداکرنے کی صلاحیت بڑھا دیتا ہے اور اس طرح سے صالح خون پیداہوتا ہے۔اس طرح معدے کی کارکردگی بھی بڑھ جاتی ہے اور خوراک جلد ہضم ہوکرجزوبدن بنتی ہے۔ آنتیں نرم اور نقصان دہ آلائشوں سے پاک ہوجاتی ہیں۔زیادہ کھانا کھالیا جائے تو گریپ فروٹ کا جوس پینے سے پیٹ ہلکا پھلکا ہوجاتا ہے اور طبیعت کابوجھل پن دور ہو جاتا ہے۔ ماہرین مطابق گریپ فروٹ کوتنہا کھائیں یااس میں دیگر پھلوں کارس ملاکراستعمال کریں، دونوں صورتوں میں یہ صحت کے لئے مفید اور کارآمد ہے۔تاہم ایسے افراد جن کے گلے خراب ہوں یاجنہیں کھٹی چیزیں راس نہ آتی ہوں وہ اسے معالج کے مشورے سے استعمال کریں۔
جو لوگ اپنی جلد، بالوں اور ناخنوں کو خوب صورت اور صحت مند دیکھنے کے ساتھ مذکورہ بالا فوائد حاصل کرنا چاہتے ہوں ، انہیں چاہیے کہ وہ شملہ مرچ کو اپنی غذا کا حصہ بنا لیں اور اتنی مفید سبزی عطا کرنے پر اللہ سبحان و تعالیٰ کا شکر ادا کریں۔

٭…٭…٭