گاجر کھاءیے صحت مند رہیے

کہا جاتا ہے کہ گاجریں آنکھوں کی بینائی کو درست رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں مگر کیا یہ واقعی درست ہے؟گاجر ایسی سبزی ہے جس کو مختلف شکلوں میں کھایا جاتا ہے اور ہزاروں برسوں سے اس کی کاشت ہورہی ہے۔دنیا کے مختلف حصوں میں یہ مختلف رنگوں میں دستیاب ہوتی ہے مگر نارنجی رنگ کی گاجر ہی سب سے زیادہ عام ہے، جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ اسے16 ویں صدی میں ڈچ کاشتکاروں نے اگانا شروع کیا تھا۔ویسے اس موسم میں عام دستیاب اس سبزی کو کھانے کی عادت بنانا کس حد تک فائدہ مند ہے؟ یہ آپ اس مضمون میں جان لیں گے ان شاء اللہ۔مگر یہ جان لیں کہ گاجر وٹامنز، منرلز اور فائبر سے بھرپور ہوتی ہیں اور اینٹی آکسیڈنٹس کے حصول کا اچھا ذریعہ بھی ہیں۔

بینائی

کہا جاتا ہے کہ گاجریں آپ کو اندھیرے میں دیکھنے میں مدد فراہم کرتی ہیں تو کیا واقعی ایسا ہوتا ہے؟ جی مگرکسی حد تک اس لئے کہ گاجروں میں وٹامن اے ہوتا ہے اور جسم میں اس وٹامن کی کمی رات کے اندھے پن یا کم روشنی میں دیکھنے میں مشکلات کا باعث بننے والی بیماری کا خطرہ بڑھاتی ہے۔تو اس طرح کہا جاسکتا ہے کہ گاجر واقعی اندھیرے میں دیکھنے میں مددگار ہے، مگر بیشتر افراد کی بینائی کی عمومی کمزوری میں اسے کھانے سے بہتری آنے کا امکان نہیں ہوتا، ماسوائے اس صورت میں جب ان میں وٹامن اے کی کمی ہو۔

اس سبزی میں لیوٹین اورزینتھین(Zeaxanthin )جیسے اینٹی آکسیڈنٹس بھی ہیں اور ان دونوں کا امتزاج عمر بڑھنے کے ساتھ بینائی میں آنے والی تنزلی کی روک تھام میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

کینسر

جسم میں فری ریڈیکلز کی زیادہ تعداد سے مختلف اقسام کے کینسر کا خطرہ بڑھتاہے۔گاجروںمیںموجودغذائی کیروٹینز جیسے اینٹی آکسیڈنٹ سے یہ خطرہ کم کیا جاسکتا ہے۔

ایک گاجر میں 509مائیکرو گرام وٹامن اے،5050 مائیکرو گرام بیٹا کیروٹین اور 2120مائیکرو گرام ایلفا کیروٹین ہوتی ہے، یہ دونوں پرو وٹامن اے اینٹی آکسیڈنٹس ہیں جو جسم میں جاکر وٹامن اے میں بدل جاتے ہیں۔ایک تحقیق میں عندیہ دیا گیا کہ کیروٹین سے بھرپور غذا مثانے کے کینسر کا خطرہ کم کرتی ہے جبکہ ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ گاجر کا جوس پینا پھیپھڑوں کے کینسر کا خطرہ کم کرسکتا ہے۔

نظام ہاضمہ

ایک درمیانی گاجر میں 1.7گرام فائبر ہوتا ہے جو روزانہ کے لیے درکار مقدار کا5 سے 7فیصد حصہ ہوتا ہے (اس کا انحصار عمر اور جنس پر ہوتا ہے)۔زیادہ فائبر والی غذائیں معدے کی صحت کے لیے فائدہ مند ہوتی ہیں اور قبض کی روک تھام بھی کرتی ہیں۔

بلڈ پریشر اور دل کی شریانوں کی صحت

گاجر میں موجود فائبر اور پوٹاشیم بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھنے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے لوگوں میں کم نمک کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے جبکہ پوٹاشیم والی غذا جیسے گاجر کے زیادہ استعمال کا مشورہ دیا جاتا ہے۔پوٹاشیم خون کی شریانوں کو پرسکون رکھنے میں مدد فراہم کرنے والا جز ہے جس سے ہائی بلڈ پریشر اور دل کی شریانوں سے جڑے دیگر مسائل کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ایک گاجر سے لوگوں کو پوٹاشیم کی روزانہ درکار مقدار کا 4فیصد حصہ ملتا ہے۔

٭…٭…٭

گاجر کھائیے صحت مند رہیے
Tagged on:                             

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *