
جاپانی پھل کو املوک پھل بھی کہا جاتا ہے انگریزی میں اسے Persimmonsکہتے ہیں۔
تاریخ
جاپانی پھل پاکستان میں کچھ ہی دہائیوں سے آیا ہے اس کی کاشت سب سے پہلے چین میں کی گئی ، اس کے بعد اسے جاپان میں کاشت کیا جانے لگا، جزیرہ نما کوریا میں اس کے پودے کھیتوں کے درمیان سڑکوں کے کنارے اور پہاڑوں پر بڑی تعداد میں پائے جاتے ہیں اس پھل کی پیداوار خزاں کے موسم میں چین اورجاپان میں ہوتی ہے ، پاکستان میں اس کو جاپان سے درآمد کیا گیا ہے اس لئے اس پھل کو زیادہ تر لوگ جاپانی پھل کہتے ہیں۔
شکل و ہئیت
جاپانی پھل دیکھنے میں بہت خوشنما نظر آتا ہے اور اس کی شکل ٹماٹر سے ملتی جلتی ہے، ٹماٹر رنگت میں سرخ لیکن جاپانی پھل رنگ کے لحاظ سے نارنگی ہوتا ہے ، خوب پکا ہوا پھل لذیذ اور میٹھا ہوتا ہے ، اس کا گودا نہایت نرم ہوتا ہے جبکہ کچا سخت، کسیلا اور خشک ہوتا ہے۔جو فوائد پکے ہوئے پھل میں ہیں وہ کچے اور سخت ٩پھل کے اندر نہیں ہیں۔
کاشت و پیداوار
درمیانی زرخیز زمین اور معتدل آب وہوا جاپانی پھل کی افزائش کے لیے نہایت موزوں ہے ۔ اس کا درخت جھاڑی نما اور20 تا 25 فٹ تک بلند ہوتا ہے۔ اوسط نومبر تک اس کے پتے جھڑ جاتے ہیں اور ماہ جنوری کے بعد اس کے پتے نکلتے ہیں اور مارچ میں پھول آنا شروع ہوجاتے ہیں ، جاپانی پھل درختوں پر نہیں پکتا بلکہ جونہی اس کا رنگ زردی مائل ہو جائے تو اسے پکنے کے لیے کاغذ یا پولی تھین میں علیحدہ علیحدہ پیک کردیا جاتا ہے ۔
پاکستان کے بیشتر علاقوں میں جاپانی پھل بڑی کامیابی سے کاشت کیا جارہا ہے ، ان میں خاص طور پر کشمیر، سوات اور دیر کے علاقے شامل ہیں۔
ستمبر، اکتوبر ، نومبر، دسمبر اور جنوری کے آخر تک اس پھل کا خوب عروج ہوتا ہے۔
افادیت
جاپانی پھل میں وٹامن اے، بی ،بی6، سی ،ای ، پروٹین ، کیلشیم، فاسفورس، فولاد اور پوٹاشیم پایا جاتا ہے، سو گرام پھل میں صرف 80کیلوریز ہوتی ہیں۔
طبی خواص
یہ پھل امراض معدہ میں خاص طور پر بہت مفید ہے ، انتڑیوں کی سوزش، مروڑ اور پیچش میں فائدہ مند ہے، پیٹ کے کیڑے تلف کرتا اور بخار توڑتا ہے ، پیٹ درد اور بڑی آنت میں خرابیوں کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ نظام انہضام کو بھی درست کرتا اور اپینڈکس کے مرض میں بھی مفید ہے۔
جاپانی پھل گلے کی سوزش اور خراش میں بہت زیادہ فائدہ دیتا ہے اس کے علاوہ کمر درد اور پٹھوں کے کھچائو میں مفید ہے ، اس پھل میں موجود لیس دار مادہ جوڑوں کے درد یعنی آرتھرائٹس میں بہت مفید ہے۔
جاپانی پھل دل کی بیماریوں میں بہت فائدہ بخش ہے، قوت مدافعت میں اضافہ اور وزن میں کمی کا باعث بنتا ہے۔ جاپانی پھل قبض ختم کرتا ہے ، خواتین کے بعض امراض میں خاص طور پر فائدہ مند ہے۔
دنیا بھر میں مختلف کیمیکل ٹرائلز اور تازہ ترین تحقیقات سے جاپانی پھل کے درج ذیل فوائد سامنے آئے ہیں:
صحت مند بالوں کے لئے
جاپانی پھل میں موجود وٹامن اے ، بی اور سی بالوں کی نشوونما اور اس کی جملہ امراض کے لیے بہترین ہیں۔
امراض چشم کے لئے
جاپانی پھل میں موجود وٹامن اے کی وجہ سے بینائی میں اضافہ ہوتا ہے اور دیگر امراض چشم میں بھی مفید ہے۔
وزن کم کرتا ہے
148گرام کے درمیانہ سائز کے اس پھل میں صرف 31کاربوہائیڈریٹ موجود ہیں، اس میں چکنائی ( فیٹس) نہ ہونے کے برابر ہے۔ ان وجوہات کی بنا پر یہ پھل وزن کم کرنے کے خواہش مند لوگوں کے لیے مفید ہے۔
انفیکشن سے بچاؤ
جاپانی پھل میں موجود اینٹی آکسی ڈنٹ فری ریڈیکلز کا خاتمہ کرتے ، انفیکشن اور بیماری سے بچاتے ہیں۔
السر سے شفایابی کے لئے
آنتوں کے زخم یعنی السر، معدے میں تیزابیت کی زیادتی اور ڈھیلا پن حتیٰ کہ پاخانے کے راستے مسلسل خون بہنے کو روکتا ہے۔
اینٹی ایجنگ
جاپانی پھل کے چھلکے میں موجود فائٹو کیمیکل جلد پر ہونے والے بڑھتی عمر کے اثرات اور جھریوں سے بچاتا ہے ۔ جاپانی پھل میں موجود اینٹی ایجنگ خصوصیات سے جلد جوان اور صحت مند رہتی ہے، جلد میں فری ریڈیکل کی افزائش کو روکتا ہے اور جلد میں بڑی عمر کے اثرات کو ظاہر نہیں ہونے دیتا۔
جاپانی پھل میں موجود آکسی ڈنٹ لائیکو پین قدرتی سن سکرین کا کام دیتا ہے اور الٹراوائلٹ شعاعوں سے بچاتا ہے ، لائیکو پین کا روزانہ استعمال جلد کو دھوپ سے ہونے والے نقصان سے بچا کر جلد پر جھریاں اور لکیریں نہیں پڑنے دیتا۔
نظام ہضم بہتر بناتا ہے
جاپانی پھل میں موجود فائبر ہاضمہ بہتر بناتے ہیں اپنی قبض کشا خصوصیات کی وجہ سے یہ ان لوگوں کے لئے بہترین ہے جو قبض میں مبتلا رہتے ہیں یا جگر کے مسائل کا شکار ہیں۔
ڈی ہائیڈریشن میں مفید ہے
جاپانی پھل اپنی مائیت کی وجہ سے جسم میں پانی کی کمی( ڈی ہائیڈریشن) کی شکایت دور کرتا ہے اور اس میں پوٹاشیم کی موجودگی پیشاب کے ذریعے اہم معدنیات کو ضائع نہیں ہونے دیتی۔
جسم میں طاقت فراہم کرتا ہے
جاپانی پھل میں موجود شکر اور فرکٹوز کی وافر مقدار جسم کو توانائی فراہم کرکے ذہنی دبائو اور سستی کے اثرات کو کم کرتی ہے، کھیل کود یا جسمانی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے لوگوں اور بچوں کے لیے بہترین ہے۔
متوازن بلڈ پریشر اور صحت مند دل کے لئے
جاپانی پھل میں موجود پوٹاشیم بلڈ پریشر کو کم کرتی ہے اور بلڈ پریشر کی زیادتی کی وجہ سے ہونے والے دل کے مسائل سے بچاتی ہے۔
کینسر سے بچاؤکے لئے
اینٹی آکسی ڈنٹ کا بہترین ذریعہ ہونے کی وجہ سے یہ پھل فری ریڈیکل کو ختم کرتا ہے جو سیلز کو نقصان پہنچا کر کینسر کا باعث بن سکتے ہیں، جاپانی پھل میں موجود وٹامن اے اور کینسر سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کرتا ہے۔
جلد کو چمک دار بنانے کے لئے
جاپانی پھل کا فیس ماسک جلد کو چمک دار بنانے کے لیے بہترین ہے ، اس میں وٹامن اے، ای اور کیروٹین کی موجودگی جلد کو قدرتی چمک دیتی ہے ۔ چمک دار جلد کے لئے جاپانی پھل کا گودا چہرے پر لگائیں اور تیس منٹ بعد دھو لیں۔
جلد کی زائد چکنائی کو کنٹرول کرتا ہے
جلد میں زیادہ چکنائی جلد کے مساموں کو بند کرتی ہے جس سے مہاسے پھوٹ پڑتے ہیں ۔ جاپانی پھل کا گودا،کھیرے کے جوس کے ساتھ ایک دن چھوڑ کر چہرے پر لگائیں ، مساموں کو صاف کرنے اور زائد چکنائی کو روکنے کے لئے بہترین ہے۔
خونی امراض کی شفایابی کے لئے
خواتین کے امراض میں خون کے اخراج اور نکسیر و بواسیر کا خون اگر بار بار بہتا ہو تو جاپانی پھل کے استعمال سے مریض دنوں میں تندرست ہو سکتا ہے۔
ڈی ٹاکسن کے عمل کے لئے
جاپانی پھل جسم سے زہریلے اور فاسد مادوں کا پیشاب کے ذریعے اخراج کرتا ہے۔
اپنی صفات و ذائقہ کے لحاظ سے یہ پاکستانی عوام میں کافی مقبول ہو چکا ہے اور ہر کوئی اسے پسند کرتا ہے۔
احتیاط و مضرات
جاپانی پھل گرم و خشک ہوتا ہے ۔ اس لیے اس کو اعتدال سے کھائیں اور ہمیشہ پکا ہوا پھل کھائیں، کچاپھل نقصان دہ ہو سکتا ہے
قاضی ایم اے خالد