جن سنگ: حصول توانائی کا قدرتی ذریعہ

یہ چینی زبان کا لفظJen-Shen ہے جس کا مطلب انسانی جڑ کے ہیں۔ جن سنگ کا اصل وطن بھی چین ہی ہے۔ یہ ادرک کی مانند زمین کی سطح کے اندر پائی جاتی ہے جس کی شباہت انسانی جسم اورخدوخال کی طرح ہوتی ہے۔یوں تو چائے کی ہر قسم مانع تکسیدی اجزاء پر مشتمل ہوتی ہے مگر جن سنگ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ توانائی مہیا کرنے والا پاور بینک ہے۔ اس چائے میں بقائے حیات کے لئے لازم عناصر خاص کر تیل اورضروری وٹامنز موجود ہیں۔ اینٹی آکسیڈنٹس یعنی مانع تکسیدی اجزاء کی موجودگی کے باعث دل کے امراض اور کینسر جیسے مہلک عارضے سے بچائو ممکن ہو تا ہے۔ جن سنگ کی28قسمیں ہیں اور تمام کی تمام چین اور کوریا میں استعمال ہوتی ہیں۔ کوریا کی سیول یونیورسٹی کی دس سالہ تحقیق کے مطابق جن سنگ شوگر کی قسم ٹائپ 2 کے مریضوں کے خون میں گلوکوز کی سطح متوازن رکھنے میں بھی مدد دیتا ہے۔

چائے کے مخصوص فوائد

جلد کی اندرونی نمی برقرار رکھتے ہوئے اسے چمک دار بناتی ہے ، رنگت نکھارتی ہے۔ نیند کی کمی اور خلل واقع ہونے سے دماغی کارکردگی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔ جن سنگ جسم کو آرام پہنچانے ، تھکن زائل کرنے اور توانائی کے حصول کے ساتھ ساتھ پرسکون کرنے والی چائے ہے۔

یہ قوت مدافعت کے حصول کا اچھا ذریعہ ہے اور وزن کم کرنے میں معاونت کرتی ہے۔ ایسے افراد جو ہلکی پھلکی ورزش مثلاً چہل قدمی کے ساتھ ساتھ اس چائے کو استعمال کرتے رہیں تو انہیں مقصد کے حصول میں دقت کا سامنا نہیں کرنا پڑتا، وہ بہت تھوڑے عرصے میں وزن کو اعتدال میں لاسکتے ہیں۔

ذیابیطس کے مریض معالج کے مشورے کے ساتھ استعمال کریں تو خون میں شکر کی مقدار کو متوازن رکھ سکتے ہیں۔ خراب کولیسٹرول کے مریض بھی معالج کے مشورے سے ہفتے میں دو تین مرتبہ یہ چائے پی لیں تو کولیسٹرول متوازن ہوسکتا ہے۔ یہ چائے جسم کے تیزابی اور فاسد مادوں کے اخراج میں مدد دیتی ہے۔ یہ خون کے بہائو کے عمل کو جاری رکھتی ہے اورآنتوں کی صفائی کا عمل احسن طریقے سے کردیتی ہے۔

جن سنگ غذائی کاربو ہائیڈریٹس پر مشتمل پودا ہے جس کی چائے بائیو کیمسٹری کے اعتبار سے کاربن ، ہائیڈروجن اور آکسیجن تینوں مالیکیولز پر مشتمل ہے۔ ذہنی تھکن اور جسم کی نقاہت آکسیجن کی کمی کے باعث بھی لاحق ہوسکتی ہے۔ جن سنگ کی ان اضافی خوبیوں کی وجہ سے اس کے استعمال سے نشوو نما تیز ہوجاتی ہے، کام میں پھرتی اور فعالیت آتی ہے۔ تاہم ایسے شواہد نہیں ملتے کہ بڑھتے ہوئے بچوں کو جن سنگ کی چائے پلانے سے صحت سے متعلق فوائد حاصل ہوسکتے ہیں۔

کنزا زاہد یار خان

٭…٭…٭

جن سنگ: حصول توانائی کا قدرتی ذریعہ
Tagged on:                     

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *