کدو کے افادی پہلو

ا ہمارے ہاں بالعموم پروٹین کی حامل غذائیںیعنی گوشت اور دودھ وغیرہ کو اعلیٰ جبکہ سبزیوں اور دالوں کو ادنیٰ تصور کیا جاتا ہے۔ تمام غذائیں ایک انمول تحفہ ہیں اور ان کے ہر گروپ میں مختلف اجزاء پائے جاتے ہیں جن کا متوازن استعمال جسمانی نشوونما کے لیے ضروری ہے۔ سبزیوں میں سے ایک’’ کدو‘‘ بھی ہے جو لذت کے ساتھ ساتھ اپنے اندر بے پناہ طبی خواص بھی رکھتا ہے۔

یہ جسم کے درجہ حرارت کو معمول پر رکھتا ہے اور بخار میں بھی مفید ہے۔ تاہم بادی پن اور بلغم کی کثرت کے حامل مریض اگر کدو کے ساتھ سیاہ زیرہ اور بڑی الائچی بھی ملا کر استعمال کرلیں تو انہیں ایسی شکایات سے بھی چھٹکارا مل جاتا ہے ۔ گرمیوں کے موسم میں کدو کھانے سے پیاس کی شدت اور معدہ کی تیزابیت میں کمی ہوتی ہے۔ دل و دماغ کو تقویت ملتی ہے ۔ہلکی آنچ پر پکایا ہوا کدو کا سالن ایک قدرتی ٹانک ہے اس میں نہ صرف فولاد بلکہ کیلشیم، پوٹاشیم، وٹامن اے اور بی بھی پائے جاتے ہیں۔ اس میں بہت سے معدنی نمکیات اور روغنی اجزاء بھی مناسب مقدار میں موجود ہوتے ہیں جو جسم کو توانائی فراہم کرتے ہیں۔ محنت اور مشقت کرنے والے افراد کے لیے کدو اور چنے کی دال کا پکوان بہترین اور قوت بخش غذا کی حیثیت رکھتا ہے۔ گوشت اور گرم مصالحے کی آمیزش سے نہ صرف اس کی تاثیر میں خاطر خواہ اضافہ ہوتا بلکہ ذائقہ بھی بہتر ہو جاتا ہے۔ طب نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں اس کا گوشت کے ساتھ استعمال زیادہ مفید بتایا گیا ہے۔ دالوں میں جس طرح مونگ کی دال بے ضرر تصور کی جاتی ہے اس طرح کدو کو بھی سبزیوں میں سے بے ضرر خیال کیا جاتا ہے ۔ذیل میں دیئے گئے چند ٹوٹکوں سے اس کی افادیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

سرسام

یہ سر میں ورم کی ایک بیماری ہے جس کے لیے کدو بہت مفید ہے۔ کدو کے رس میں ہم وزن روغن کنجد(تلوں کا تیل)شامل کر کے تانبے یا پیتل کی دیگچی میں ڈال کر اس حد تک پکائیں کہ تمام رس جل جائے اور محض تیل باقی رہ جائے۔ اسے کپڑے سے چھان کر تیل کو بوتل میں محفوظ کر لیں۔ بوقت ضرورت تھوڑے تھوڑے وقفے سے مریض کے سر پر مالش کر کے گرم کی ہوئی روئی باندھیں۔ اس سے نہ صرف سرسام میں افاقہ ہو گا بلکہ یہ بے خوابی اور عام سردرد کے لیے بھی مفید ہے۔

کان کا درد

کان میں پانی چلا جائے یا درد ہو تو اس کے لیے بھی کدو کا پانی پینے سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ روغن گل میں اس کے ہم وزن کدو کا روغن ملا لیں۔ کان کے درد کی صورت میں اس کے دو سے تین قطرے کان میں ڈالیں، ان شاء اللہ درد سے راحت ملے گی۔

سر کی خشکی

روز مرہ زندگی میں خواتین و حضرات کو سر کی خشکی کا سامنا رہتا ہے۔ جس کے علاج کی خاطر وہ طرح طرح کے شیمپو استعمال کرتے ہیں۔ اگر آپ کو بھی یہی مسئلہ در پیش ہے تو بازار سے روغن کدو لیں اور اس سے سر کی اچھی طرح مالش کریں۔ اس کے علاوہ آپ دودھ میں روغن کدو کا ایک چمچ ڈال کرپی لیا کریں اس سے نہ صرف خشکی کا خاتمہ ہوگا بلکہ دل کی دھڑکن کو معمول پر رکھنے کے لیے بھی مفید ٹوٹکہ ہے۔

دانت کا درد

دانت اگر درد کرنا شروع کر دیں تو پھر کہیں چین نہیں ملتا اور مریض اس سے نجات کے لیے طرح طرح کے ٹوٹکے آزماتا نظر آتا ہے۔ اگر آپ خدانخواستہ اسی صورت حال سے دوچار ہو جائیںاوراگر کدو کا موسم ہو تواس کا گودا 60گرام اور لہسن 12گرام دونوں کو ایک لیٹر پانی ڈال کر خوب اچھی طرح سے پکائیں جب گودا آدھا گل جائے تو اسی نیم گرم پانی سے کلیاں کریں۔ انشااللہ درد میں افاقہ ہوگا۔

حلق کا ورمحلق کا ورم

آواز بیٹھ جانے کی شکایت کسی بھی شخص کو لاحق ہو سکتی ہے۔ اس سے چھٹکارے کے لیے کدو کے نیم گرم پانی سے غرارے کریں۔ یہ ٹوٹکہ خناق جیسی تکلیف میںبھی راحت کا باعث بنتا ہے۔

ہونٹ پھٹنا

مغز تخم کدو شیریں اور گوند کتیرا ہموزن لے کر خوب باریک کر کے رات کو سوتے وقت ہونٹوں پر لگا کر سو جائیں۔ صبح نیم گرم پانی سے صاف کر لیں۔ ایک ہی مرتبہ کے استعمال سے فائدہ ہوگا۔

پھنسیاں

کدو کا پانی پھنسیوں پر لگانے سے ختم ہو جاتی ہیں۔ اس کے گودے کا لیپ بھی مفید ہے۔ کدو کے چھلکوں کو سائے میں خشک کریں۔ اس کے بعد انہیں جلا دیں اور باریک کر کے محفوظ رکھیں۔ یہ راکھ زخم پر چھڑکنے سے زخم جلد مندمل ہو گا۔

بواسیر

2کدو کے چھلکے میں قدرت نے بواسیر جیسی تکلیف کے لیے بھی شفا رکھی ہے۔ اس مقصد کے لیے کدو کے چھلکے سائے میں خشک کر کے باریک پیس لیں۔ دن میں صبح و شام 3-3گرام ان چھلکوں کو تازہ پانی کے ساتھ کھانا اپنا معمول بنا لیں۔ یہ ٹوٹکہ نہ صرف بواسیر کے لیے مفید ہے بلکہ خونی پیچش کے لیے بھی لاجواب ہے۔

زیادہ چھینکیں آنا

اگر چھینکیں آنے سے آپ کا برا حال ہو جاتا ہے تو گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ اس کے لیے بھی آپ روغن کدو کے دو چار قطرے ناک میں ٹپکا دیں۔ چھینکیں آنا بند ہو جائیں گی۔

قبض کشا

دائمی قبض کے مریض بھی کدو سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ کدو کے مسلسل استعمال سے مرض کے رفع ہونے میں مدد ملتی ہے۔

مکھیوں سے بچاؤ

کسی چیز کو مکھیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے اس پر کدو کی بیل کے پتے رکھ دیں۔ مکھیاں ہرگز اس پر نہ بیٹھیں گی ۔ شیرخوار بچوں پر دن کے وقت کدو کے پتے رکھنے سے وہ بھی مکھیوں سے محفوظ رہیں گے۔

یرقان

ایک عدو کدو کونیم گرم راکھ میں دبا دیں، کچھ دیر بعد نکال کر اس کا پانی نچوڑ کر اس میں تھوڑی سی مصری ملا کر پی لیں۔ یرقان کے لیے بہت مفید ہے۔

سردرد

جب بھی سردرد ہو تازہ کدو کا گودا حسب ِضرورت لیں اور اسے کھرل میں باریک کچل کر پیشانی پر لگا لیں بفضلہ تعا لیٰ تھوڑی دیر میں آرام آجائے گا۔

بہترین سرمہ

کدو کا چھلکا حسب ِضرورت لے کر سائے میں خشک کریں۔ پھر انہیں جلا کر کھرل میں باریک پیس کر شیشی میں محفوظ کر لیں۔ صبح شام تین تین سلائیاں دونوں آنکھوں میں لگائیں۔ تھوڑے ہی عرصہ میں آنکھ کی تمام شکایتیں دور ہو جائیں گی۔

یٰسین راہی

٭…٭…٭

کدو کے افادی پہلو
Tagged on:                     

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *