
شلجم کی دو قسمیں ہوتی ہیں دونوں انسانی صحت کے لئے مفید ہیں مگر پتوں والے شلجم قدرے زیادہ مفید کہے جاتے ہیں۔ بغیر پتوں والے شلجم کو تازہ اور کچی حالت میں سلاد کے طور پر کھایا جا سکتا ہے تاہم زیادہ تر گوشت کے ساتھ پکانے کی روایتیں ہی ملتی ہیں۔ آپ چاہیں تو موسم سرما میں سر کہ اور نمک میں ڈال کر اچار بنا لیں۔یہ بہت ذائقے دار ہوتا ہے۔ شلجم کو Stew اور سوپ کا ذائقہ بڑھانے اور خوشبوپیدا کرنے کے لئے ڈالا جاتا ہے ۔
شلجم کب بوئیں؟
اچھا شلجم اگانے کے لئے اس کی کاشت موسم بہار کے اوائل میں کی جاتی ہے ۔ اس کے پودے کو زرخیز زمین ، اچھی کھاد اور پانی کی ضرورت ہوتی ہے ۔ شلجم کا پودا سال میں ایک بار پھل دیتا ہے ۔ پودے کی اونچائی ڈیڑھ فٹ تک ہوتی ہے ۔یہ پینتالیس سے پچاس دنوں میں بار آور ہوجاتا اور پھل دینے لگتا ہے۔
افادیت
یہ غذائیت بخش اجزاء سے بھرپور سبزی ہے۔ اس میں کیلشیم ، فاسفورس، پروٹین اور آئرن پائے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ وٹامنCاورEبھی پائے جاتے ہیں۔ شلجم کھانے سے بھوک لگتی ہے چنانچہ اسے بھوک چمکانے والی سبزی یا اشتہا انگیز سبزی بھی کہا جاتا ہے ۔ جو افراد بطور ترکاری یا گوشت کے ہمراہ اسے باقاعدگی سے کھاتے ہیں ان کے معدوں اور گردوں پر معمولی اور خراب اثرات پڑ سکتے ہیں۔ ایسے متاثرہ مریض اگر سرکہ اور کالی مرچ کے ساتھ کھائیں تو یہ بہت سے امراض کو دور کرنے میں مدد کرتا ہے۔
پتوں والے شلجموں کو گو شت میں ڈال کر پکایا جائے تو سالن کا ذائقہ بڑھ جاتا ہے۔ اس کے بیج اطباء حضرات یونانی ادویہ میں استعمال کرتے آئے ہیں۔ شلجم خون صاف کرتا ہے ، اسے کھانے سے جسم کی نقاہت دور ہوتی ہے۔
شلجم جگر کے افعال درست رکھنے والی سبزی ہے ۔ موسمی نزلہ، زکام کو دور کرنے اور بینائی میں اضافے کے لئے شلجم کھانا درست عمل ہے۔ یہ مثانے کو بھی مضبوط کرتا ، قبض اور بواسیر کو ختم کرنے میں بھی مدد دینے والی سبزی ہے۔
وٹامن E کی افادیت کے پیش نظر یاد رکھنے کی بات یہ ہے کہ یہ جسمانی قوت مدافعت(Immunity) کو مضبوط بناتا ہے۔ خون بنانے کے عمل اور خون کے بہائو میں معاون ہوتا ہے۔ خون کی شریانوں کو مضبوط بناتا ہے۔ اینٹی آکسیڈنٹ کی طاقت وٹامن C کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ پائی جاتی ہے ۔ لہٰذا سردیوں کے موسم میں شلجم مناسب مقدار میں کھانا مفید ہے۔

٭…٭…٭