
نیلی چائے یا بلیو ٹی ایک بیل دار پودے کے پھولوں سے تیار کی جاتی ہے ۔ اس پودے کو لاطینی زبان میںClitoria Ternatea، بنگالی میں زبان میں اپراجتا،ا نگریزی میں Indian Mezereym اور عام طور پر کوئل بوٹی کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس پودے کو مٹر کی شکل میں پھلیاں لگتی ہیں،جبکہ پھول تتلی کی مانند نیلے رنگ کا ہوتا ہےبلیو ٹی جوکہ خالصتاً ہربل چائے ہے۔ اپنے حیرت انگیز فوائد کی وجہ سے کئی ممالک میں استعمال کی جارہی ہے ۔نیلی چائے یا بلیو ٹی تازہ اور خشک دونوںپھولوںسے تیار کی جاتی ہے ۔ جدید تحقیق کے مطابق بلیو ٹی میں کیلشیم ، میگنیشیم، پوٹاشیم ، زنک، آئرن ، مینگنیز اور سوڈیم پائے جاتے ہیں جوکہ انسانی صحت کے لئے ضروری ہیں۔ نیز اس میں کئی وٹامنز اور اینٹی آکسی ڈینٹس(Anti Oxidants)بھی پائے جاتے ہیں جو ہمارے جسم کے لئے نہایت مفید ہیں۔ بلیو ٹی میں بڑھتی ہوئی عمر کے اثرات کے مخالف (Anti Ageing) خصوصیت بھی پائی جاتی ہے جو ہماری جلد کے لئے انتہائی مفید ہے۔ چنانچہ یہ جلد کو ترو تازہ رکھتی ہے اور اس پر عمر بڑھنے کے اثرات کو ظاہر ہونے سے روکتی ہے۔ بلیو ٹی ابتدائی شوگر کا بھی علاج ہے۔ نیلی چائے کا روزانہ استعمال کولیسٹرول کو کم اور شریانوں کو صاف رکھتا ہے۔ یہ موٹاپے کا بہترین علاج اور جگر پر چربی بڑھنے (Fatty Liver) کو روکتی ہے۔ دن میں دو بار پینے سے کیلوریز جلاتی اور بڑھے ہوئے پیٹ کو کم کرتی ہے۔ بلیو ٹی عمومی اورام کا خاتمہ کرتی نیز جسم سے زہریلے مواد کو خارج کرکے جلد کو صاف و شفاف بناتی ہے، جس سے کیل و مہاسے دور ہونے میں مدد ملتی ہے ۔ بلیو ٹی کا استعمال بالوں کو گھنا اور مضبوط بناتا ہے کیونکہ اس کے استعمال سے خون کی گردش بالوں کی جڑوں تک بھرپور عمل میں آتی ہے۔ یہ چائے ذہنی مشقت کرنے والوں کے لئے ایک تحفہ ہے ۔ اس کا استعمال ڈپریشن یعنی ذہنی تنائو کو ختم کرتے ہوئے مزاج کو خوشگوار بناتا ہے، جسم سے تھکاوٹ دور کرکے چستی پیدا کرتا ہے۔ اس چائے میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ کینسر کے مرض میں بھی مفید ہیں۔Acetyl Cholineایک کیمیائی مادہ ہے جو کہ دماغ کے مواصلاتی نظام کے لئے نہایت اہم ہے، لیکن عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ دماغ اس کیمیائی مادہ کی پیدائش کم کردیتا ہے۔ جبکہ جدید تحقیق کے مطابق بلیو ٹی فلاورز میں یہ خصوصیت پائی جاتی ہے کہ اس کی چائے کا استعمالAcetyl Cholineکی پیدائش میں اضافہ کا سبب بنتا ہے۔ بلیو ٹی کے استعمال سے قوت یادداشت میں بھی اضافہ ہوتا ہے ۔اس کے فوائد کی وجہ سے بلیو ٹی کو انرجی ڈرنک کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔
طریقہ تیاری چائے
ایک کپ پانی کو چولہے پر رکھیں جب ابلنے لگے تو سات آٹھ پھول تازہ یا خشک حالت میں بلیو پی فلاور اس میں ڈال دیں، دو تین منٹ کے بعد اس پانی کو چھان لیں جس کارنگ نیلا ہو چکا ہوگا۔ پھر اس میں ایک چمچ یا حسب ذائقہ شہد ملا لیں۔ آخر میں چار پانچ بوند لیموں کا رس شامل کرلیں۔ لیموں کا رس شامل کرنے پر مشروب فوراً نیلے رنگ سے تبدیل ہو کر خوش نما جامنی رنگ میں بدل جائے گا۔ بلیو ٹی تیار ہے ۔ اسے گرما گرم نوش فرمائیں یا خاص طور پر گرمیوں میں بلیو ٹی تیار کرکے فریج میں ٹھنڈا کرکے برف شامل کرکے بھی استعمال کی جاسکتی ہے۔
حکیم رانا محمد سیف اللہ
٭…٭…٭