قہووں کی اقسام اور ان کے فواءد

طبی ماہرین کی جانب سے قہوے کا استعمال تجویز کیا جاتا ہے جو کہ عمومی صحت کے لئے بے حد مفید ہے مگر یہ جاننا بھی لازمی ہے کہ کس جز سے بنا قہوہ کس مرض کے لئے بہتر ثابت ہوتا ہے۔انٹرنیشنل جرنل آف فوڈ سائنسز اینڈ نیوٹریشن میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق روزانہ صبح ایک کپ قہوہ پینے کے نتیجے میں انسانی جسم میں مثبت تبدیلیاں سامنے آتی ہیں جن میں مضر کولیسٹرول اور موٹاپے میں کمی واقع ہونا سرفہرست ہے۔

ماہرین کے مطابق قہوے کے استعمال سے متعدد قسم کے کینسر سے بھی نجات حاصل ہوتی ہے۔غذائی ماہرین کے مطابق قہوے میں کیفین کی مقدار پائی جاتی ہے، کیفین کے سبب بھوک میں کمی اور جسم سے مضر صحت مادوں کا صفایا ممکن ہوتا ہے۔ لہٰذا صحت پر مختلف قسم کے قہوے مختلف طرح سے اثر انداز ہوتے ہیں۔جن کی تفصیل ذیل میں درج ہے:

دارچینی کا قہوہ

غذائی ماہرین کے مطابق دار چینی یا لونگ سے بنا قہوہ گلے کی خراشوں، نزلہ، زکام اور کھانسی کے لئے مفید ثابت ہوتا ہے، اس کی تاثیر بڑھانے کے لئے اگر اس میں شہد بھی شامل کر لیا جائے تو ایک دن میں تین پیالیوں سے ہی علاج ممکن اور شفا حاصل ہو جاتی ہے۔

لیموں اور شہد کا قہوہ

ماہرین جڑی بوٹیوں کے مطابق سردی لگنے سے بچائوکے لئے سبز قہوہ میں اگر لیموں اور شہد ملا کر استعمال کیا جائے تو سردی سے لاحق شدہ موسمی نزلے، زکام نیز سرد موسم سے لاحق ہونے والے دیگر امراض سے بھی بچا جاسکتا ہے۔

گل بابونہ (کیمومائل) کا قہوہ

بابونہ کے پھولوں سے بنا قہوہ بے خوابی کا بہترین علاج ہے، کیمو مائل کے پھول اگر میسر نہ ہوں تو مارکیٹ میں ٹی بیگ کی شکل میں ملنے والی کیمومائل پتی کا بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ہلدی اور ادرک کا قہوہ

ہلدی اور ادرک کا قہوہ پینے کے نتیجے میں موسمی الرجیز، سانس کی بندش اور مٹی سے ہونے والی الرجی سے نجات حاصل ہوتی ہے۔

پودینے کا قہوہ

پودینے کی سبز پتیوں سے بنے قہوے کا استعمال اپھارہ کا بہترین علاج ہے، اس کے استعمال سے پھولا ہوا پیٹ منٹوں میں ٹھیک ہو جاتا ہے جبکہ گیس اور بدہضمی کا مداوا نیز بھاری پن کا احساس بھی دور ہو جاتا ہے۔

ادرک کا قہوہ

ادرک سے بنے قہوے کا استعمال سر درد کا منٹوں میں علاج کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ، اس سے پیٹ کی چربی سے بھی چھٹکارہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔

تلسی کے پتوں کا قہوہ

عام گھروں اور پارکس میں لگے تلسی کے پتوں سے بنے قہوے کے استعمال کے نتیجے میں ذہنی دبائو کم ہوتا ہے۔ تلسی کے پتوں سے بنا قہوہ خوشی محسوس کروانے والے ہارمونز کو متحرک کرتا ہے اور فکر مندی، ذہنی دبائو اور پٹھوں کے کھنچائوسے نجات دلاتا ہے ۔

ساد ہ سبز چائے

سادہ سبز چائے جہاں بے شمار فوائد کی حامل ہے وہیں اس کے باقاعدگی سے استعمال کے نتیجے میں ، کیل اور مہاسوں سے بچائو اور اِن کی افزائش میں کمی ممکن ہوتی ہے۔

٭…٭…٭

قہووں کی اقسام اور ان کے فوائد
Tagged on:                             

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *