سیب تاریخ، اقسام اور افادیت کے تناظر میں

پھل

قدرت کی پیدا کردہ بیش بہا نعمتوں میں سے پھل قدرت کی وہ انمول صحت بخش نعمت ہیں جن سے انکار ممکن نہیں۔مسلسل تجربات سے یہ حقیقت سامنے آچکی ہے کہ پھل وبائی امراض کے خلاف ڈھال کا فریضہ انجام دیتے ہیں اور جسمانی قوت مدافعت میں اضافے کا ناقابل تردید ذریعہ ہیں۔

سیب

پھلوں میں موجود مخصوص اور متوازن مٹھاس ،پیاس اوربھوک مٹانے کا شیریں ذریعہ ہے۔ اور جب بات ہو خوش ذائقہ اورصحت بخش پھلوں کی تو ذہن میں سب سے پہلے’’سیب‘‘جیسے مزیدار پھل کا نام ضرور آتا ہے جس کے بارے میں یہ مقولہ بہت عام ہے کہ

’’ ایک سیب روزانہ کھائیں اور معالج سے دور رہیں۔‘‘

ماہرین غذائیت نے تحقیق سے ثابت کیا ہے کہ یہ محض مقولہ نہیں بلکہ ایک حقیقت ہے۔

جو لوگ بلاناغہ ایک سیب کھاتے ہیں۔صحت ان کے چہرے سے جھلکنے لگتی ہے۔روزانہ ایک سیب کھانے سینہصرف جسمانی بلکہ ذہنی قوت میں بھی غیر معمولی حد تک اضافہ ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ماہرین نباتات سیب کی غذائیت کو صحت کے لئے اہم ترین جزو خیال کرتے ہیں۔سیب محض ایک پھل ہی نہیں ہے بلکہ یہ بہترین غذا بھی ہے اور اس کے ذائقے کا دارومدار اس کے استعمال پر ہے۔

سیب کا تاریخی پس منظر

سیب بطور پھل دنیا بھر میں جس وقت سے استعمال ہو رہا ہے اس کے بارے میں کوئی نہیں بتا سکتا ہے البتہ اس کے متعلق بتایا جاتا ہے کہ اس کا پہلا ایک غیر رومانوی نام “Sow Curb” تھا۔یوٹونسٹ نے اسے ایک میوزیکل نام “Malus Sylvestns”دیا۔ہندی اور اردو میں اسے’’ سیب ‘‘کہا جانے لگا۔ اس شاندار پھل کا آبائی گھر یورپ ہے۔آج سیب دنیا بھر کے بہت سے علاقوں میں کاشت کئے جاتے ہیں۔

زیادہ تر ان کی پیداوار جموں کشمیر،ہماچل پردیش ،گولوکی وادی اور کیمااون کی پہاڑیوں میں ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ بھارت کے جنوبیحصے بنگلور نیل گرمی کی پہاڑیوں میں بھی اگائے جاتے ہیں۔ سیب دنیا بھر میں پیدا ہونے والا مزیدار پھل ہے۔پاکستان اس لحاظ سے خوش قسمت ملک ہے کہ یہاں دنیا کے بہترین پھل کثیر مقدار میں پائے جاتے ہیں ۔

سیب ایسے علاقوں میں خوب پھلتے پھولتے ہیں جہاں سردی اور برف باری ہوتی ہو۔70 دنوں کے لئے اسے 40 Fدرجہ حرارت کی ضرورت ہوتی ہے اور یہ عام طرز پر 1660 سے 2300 میٹرزسطح سمندر کے اوپر اگائے جاتے ہیں۔


سیب کی اقسام

سیب کو دنیا کا وہ واحد پھل سمجھا جاتا ہے جس کی تقریبا ًہر ملک میں ڈیڑھ ہزار سے زائد اقسام دریافت ہو چکی ہیں۔ان تمام اقسام کی رنگت، ذائقے اور غذائیت میں بھی حیرت انگیز حد تک فرق پایا جاتا ہے۔بہت سی اقسام کے سیب دستیاب ہیں،خاص طور پر جن سے مختلف چیزیں بنائی جاتی ہیں۔جب سیب کو کاٹ کر پکایا جاتا ہے تو وہ جیم، جیلی اور چٹنی کی شکل میں آجاتے ہیں۔

٭…سنہری سیب بیکنگ کے لحاظ سے۔

٭…کھٹے سیب مربے بنانے کے لئے۔

٭…اورسرخ میٹھے سیب کھانے کے لئے بہترین ثابت ہوئے۔

سیبوں کی بڑی تعداد مارکیٹ میں دستیاب ہے جو کہ مختلف ضروریات کی تکمیل کے لئے کافی ہوتے ہیں۔پاکستان میں موجود بہت سی اقسام میں سے چند برآمدکی جاتی ہیں۔اس پھل کی قسم کا دارومدار اس کے سائز،شکل اور رنگ پر ہوتا ہے۔ شکل کے اعتبار سے ناشپاتی کی شکل کے سیب سے لے کر پورے گول سیب بھی پائے جاتے ہیں۔اس کے رنگوں میں چمکدار ہرا،سنہری ،پیلا،گہرا لال سے گلابی لال تک کے رنگوں میں دستیاب ہیں۔

سیب کی غذائیت

ماہرین غذائیت کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق ایک سیب میں:

٭…فاسفورس کی اتنی مقدار ہوتی ہے جو انسانی جسم کی ضرورت کو فی الفور پورا کرنے کی صلاحیت کی حامل ہے۔

٭… حیاتین سی جو انسان کی جوان العمری کوقائم رکھنے کے لئے اکسیر کا درجہ رکھتا ہے۔

٭…نشاستہ ،فولاد اورپروٹین جسم کو قوت عطا کرتے ہیں۔

٭… 0.3 ملی گرام فولاد پایا جاتا ہے جو خون کے سرخ خلیات کی کمی پوری کرتا ہے۔

سیب کا آدھا حصہ ٹھوس ہوتا ہے جس میں شکر اور پروٹین ہوتی ہے باقی حصہ پانی ہوتا ہے ۔ایک رسیلے،میٹھے اور پکے ہوئے سیب میں80فیصد پانی شامل ہوتا ہے۔

سیب بطور دوا

خشک کھانسی ،بھوک کی کمی اوردبلے پن کے لئے محققین سیب ہی تجویز کرتے ہیں ۔جدید تجربات کے بعد یہ احتیاط بھی ضروری سمجھی جاتی ہے کہ سیب کھانے کے فوراً بعد پانی پینے سے اجتناب برتنا ضروری ہے کیونکہ معدے میں پانی کی موجودگی سے سیب نظام ہاضمہ پر بوجھ ثابت ہوتا ہے ۔

سیب کا استعمال جسم کی ہڈیوں کو بہت فائدہ پہنچاتا ہے۔اس کے استعمال سے قوت حافظہ بڑھ جاتی ،یادداشت تیز ہو جاتی ہے۔شیریں سیب کے مستقل استعمال سے پرانی کھانسی ختم ہو جاتی ہے۔ سیب کے پتوں کا 30ملی لٹر پانی بار بار استعمال کیا جائے تو جسم کے تیزابی اور زہریلے مادے خود بخود ہی خارج ہو جاتے ہیں ۔پیٹ کے کیڑے صحت کے لئے بہت مضر ہوتے ہیں۔ اگر کسی کے پیٹ میںکیڑے ہوں تو اسے سیب کا پتہ کھلانا چاہیے۔

٭…اگرکسی کو مالیخولیا ہے تو اس کو روزانہ صبح و شام میٹھا سیب کھانا چاہئے مرض ختم ہو جائے گا۔

٭… اگر جسم میں کسی جگہ درد ہو تو تازہ سیب کو اچھی طرح گھوٹ کر درد کی جگہ پر لیپ کر دیں درد دور ہو جائے گا۔

٭…ایک حالیہ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ سیب کے گودے میں جراثیم کش اجزاء پائے جاتے ہیں جو دانتوں کی بیماریوں کے خاتمے کا سبب بنتے ہیں اور منہ میں پیدا ہونے والے جراثیم کو ہلاک کر دیتے ہیں۔

٭… دانتوں کی چمک اور مسوڑھوں کی صحت کے لئے سیب معجزاتی اثرات رکھتا ہے ۔

سیب کا انتخاب

ماہرین غذائیت کے مطابق سیب کو چھلکے سمیت کھانا بہت مفید ہے۔یہی وجہ ہے کہ سیب کی خریداری میں احتیاط کی ضرورت ہے۔داغ دار،کٹے پھٹے، چھلکوں والے سیب میں جراثیم بہت تیزی سے پرورش پاتے ہیں۔صاف، ہموار اور چمکدار چھلکوں کے سیب منتخب کریں جو نہ گلے ہوئے ہوں اور نہ ہی کچے۔ سیب جب بھی خریدیں اچھے اور داغ دھبوں سے پاک خریدیں۔

سیب کو محفوظ کرنا

٭…صرف بہترین سیبوں کو ہی ذخیرہ کرنا چاہئے۔

٭…ہلکے سے کچے سیب فریج میں ہفتے بھر یا زیادہ دیر تک رکھ سکتے ہیں۔

٭…ہلکے سے کچے سیبوں کو دو ہفتوں تک ذخیرہ کیا جا سکتا ہے اور انہیں 60یا 70درجہ فارن ہائیٹ سے کم درجہ حرارت پر رکھیں۔

٭…سیبوں کو ذخیرہ کرنے کے حوالے سے ایسی بہت سی اقسام دستیاب ہیں جنہیں کم درجہ حرارت پر لمبے عرصے کے لئے ذخیرہ کیا جا سکتا ہے۔ مگر فریزنگ سیب کی کوالٹی کو کم کر دیتی ہے۔یہ درست ہے کہ مناسب طریقے سے کئی ہفتوں تک سیب کو اسٹور/ذخیرہ کیا جا سکتا ہے لیکن ان کو تازہ حالت میں کھانا زیادہ مناسب ہوتا ہے۔ہمیشہ اچھی اقسام کے سیب خریدیں اور انہیں جلد از جلد استعمال کر لیں یہی سب سے زیادہ مناسب طریقہ ہے۔اس طرح سیب کی کوالٹی بھی کم نہیں ہوتی، غذائیت ،خوشبو اور ذائقہ بھی برقرار رہتا ہے۔

ڈاکٹر نمرہ شاہد

٭…٭…٭

سیب تاریخ، اقسام اور افادیت کے تناظر میں
Tagged on:                             

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *