شہد: ایک قدرتی مشروب

شہد ایک نایاب، خوشبو دار اور شیریں گاڑھا سیال ہے جسے غذا اور دوا کے طور پر ہزارہا سال سے استعمال کیا جارہا ہے۔یہ قدرتی مشروب شہد کی مکھیاں چمن کو زینت بخشنے والے پھولوں سے رس چوس کر بناتی ہیں۔ قرآن مجید میں بھی شہد کی افادیت بیان کی گئی ہے۔قدرت کے اس انمول تحفے میں پانی 17 فیصد، فرکٹوز 38.9فیصد، گلو کو ز 31 فیصد، سکروز1.0فیصد اور 9فیصد دوسری اقسام کی شکر موجود ہیں جو زود ہضم اور جسم کو طاقت بخشنے والی ہیں۔ اس کے علاوہ وٹامنز سی(C)، ب(B) اور کے(K) کی کافی مقدار اور معدنی اجزاء فولاد ،کیلشیم، سوڈیم ، گندھک، میگنیشیم، فاسفورس، پوٹاشیم اور سلفر وغیرہ بھی قلیل مقدار میں شامل ہوتے ہیں۔

شہد میں پائے جانے والے تیزاب میں ایسٹک ایسڈ ، سٹرک ایسڈ، لیکٹک ایسڈ، ٹارٹرک ایسڈ اور فاسفورک ایسڈ شامل ہیں۔ شہد میں بعض انزائم جن میں پرآکسائیڈ،کیٹالیز بھی پائے جاتے ہیں۔ اس کی مقدار خوراک 10سے50گرام تک ہے۔ شہد جسم کو توانائی اور کام کرنے کے لئے ایندھن فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف بیماریوں میں شفائی اثرات رکھتا ہے جن میں پیٹ کے امراض ، امراض قلب ، آنکھوں کے امراض ، کھانسی، نزلہ و زکام ، خون کی کمی، موٹاپے اور دیگر امراض شامل ہیں۔

شہد کے روایتی استعمال

٭جسمانی کمزوری٭

نیم گرم دودھ میں ایک بڑا چمچ شہد ملا کر پئیں،جسمانی کمزوری کو دور کرکے طاقت و قوت بڑھانے میں یہ اکسیر نسخہ ہے۔

٭نزلہ وزکام٭

نیم گرم پانی کے کپ میں ایک بڑا چمچ شہد اور چھوٹا چمچ ادرک کا رس ملا کر دن میں 2مرتبہ استعمال کرنا نزلہ و زکام کے لئے مفید ہے۔

٭کھانسی٭

شہد کو ملٹھی کے سفوف میں ملا کر استعمال کرنا خشک و تر کھانسی کے لئے نہایت مفید و مؤثر ہے۔

٭موٹاپا٭

صبح نہار منہ ایک گلاس نیم گرم پانی میں ایک چمچ شہد اور ایک لیموں کا رس ملا کر پینے سے جسم کی زائد چربی زائل کرتا ہے۔

٭آنکھوں کے امراض٭

صبح و شام شہد کا استعمال آنکھوں کی سرخی، پتلی پر سفیدی کی تہہ اور آنکھوں سے پانی بہنے کی شکایت میں فائدہ دیتا ہے۔

٭گلے کی سوزش٭

ایک چمچ شہد ایک کپ چائے میں ملا کر پینے سے گلے کی سوزش کو آرام ملتا ہے۔


اقبال احمد قرشی

٭…٭…٭

شہد: ایک قدرتی مشروب
Tagged on:                     

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *