
قدرت کی شان ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ملک پاکستان میں ہر چیز وافر پیدا کی ہے، صرف پہچاننے والی آنکھ چاہیے۔ پاکستان کے بڑے قومی سطح کے طبی اداروںمثلاً این سی ٹی، پی ٹی پی ایم اے،جنگلات کے محکمے اور دیگر اداروں کا فرض بنتا ہے کہ وہ ذاتی دلچسپی لے کر ان کا تحفظ، بقا، ترویج اور کاشت وبرداشت کے علاوہ تجارت و تجارب کو یقینی بنائیں۔ ملک کے دور دراز علاقوں سے خود رو جڑی بوٹیاں اکٹھی کرنے والوں سے رابطہ رکھیں ،ان کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ ہمیں دیار غیر کو فروخت کرتے ہوئے زرمبادلہ مہیا کریں اور اس سلسلے میں کسی اورکی طرف نہ دیکھنا پڑے۔
موصلی سفید جس کو ہمارا پنساری موصلی انڈین کہہ کر مہنگے داموں فروخت کررہا ہے، میرے مشاہدے کے مطابق پاکستان کے شمالی علاقوں میں وافر مقدار میں خود رو پیدا ہوتی ہے ۔ اگر وقت پر اکٹھی کی جائے تو ملک کا کثیر سرمایہ بچ سکتا ہے۔ موصلی سفید کو پاک و ہند میں موصلی سفید ہی کہا جاتا ہے۔ ویسے موصلی دو طرح کی ہوتی ہے ایک موصلی سفید اوردوسری سیاہ۔
شمالی علاقوں کے باشندے بتاتے ہیں کہ یہ دوا یعنی موصلی سفید موسم برسات میں پہاڑوں کی چٹانوں پر خود بخود پیدا ہوتی ہے۔پتے باریک لمبے نوک دار زردی مائل سبز ہوتے ہیں۔ موصلی سفید کی جڑ3سے15انچ لمبی نکلتی ہے ۔ہر پودے کے نیچے سے 6تا7موصلیاں نکلتی ہیں۔ ماہ بھادوں کے آخر میں اس کو اکھاڑکر صاف کرنے کے بعد سکھا لیا جاتا ہے ۔اس کے خشک ہونے پر کئی ہفتے لگ جاتے ہیں۔
اصل موصلی مشکل سے کھرل ہوتی ہے ۔یہ طب کی مغلظ و مبہی ادویات کی سرتاج مفرد اور لاجواب دوا ہے۔ اطباء کرام اس کا مزاج گرم خشک بتاتے ہیں۔موصلی سفید کا ذائقہ لعاب دار پھیکا ہوتا ہے ۔ مقدار خوراک سفید موصلی ایک وقت میں 6گرام تک استعمال کی جاسکتی ہے۔یہ دوا مغلظ، مقوی باہ اور مؤلد منی ادویہ کی جزو اعظم ہے۔اس کا استعمال بدن کو مضبوط بناتا ہے۔
ہوالشافی
موصلی سفید 100گرام قند سفید 100گرام
اسے باریک پائوڈر بنا لیں۔3گرام صبح وشام ہمراہ 250ملی لٹر دودھ استعمال کریں۔مادہ منویہ زیادہ، بانجھ پن دور اور جسم طاقت ور ہو جاتا ہے۔
ہوالشافی
موصلی سفید 20گرام گوکھرو 20گرام موصلی سیاہ 20گرام بہمن سرخ 20گرام بہمن سفید 20گرام تال مکھانہ 20گرام مغز تخم کونچ 20گرام ثعلب دانہ 20گرام الائچی خورد 20گرام تخم اوٹنگن 20گرام سبوس اسپغول 20گرام مصری 100گرام
سبوس اسپغول کے علاوہ تمام ادویہ الگ الگ کوٹ کر مکس کرکے سبوس اسپغول ملا لیا جائے۔3گرام سفوف صبح و شام ہمراہ 1کپ نیم گرم دودھ استعمال کریں۔نوٹ: قبض نہ ہونے دیں ، گرم اشیاء اور زیادہ مرچ مصالحہ جات بند رکھیں۔ یہ سفوف جریان اور کثرت احتلام کا خاتمہ کرکے سرعت انزال کو ختم کرتا ہے ، مادہ منویہ کو بڑھا کر قابل اولاد بناتا ہے۔
ہوالشافی
موصلی سفید 20گرام سنگھاڑا 20گرام موصلی سیاہ 10گرام گوکھرو 20گرام ستاور 20گرام اسگندناگوری 20گرام گوند کتیرا 20گرام گوند کیکر 10گرام موچرس 20گرام تال مکھانہ 20گرام الائچی خورد 50گرام گری بادام 100گرام گری چلغوزہ 100گرام برادہ ناریل 100گرام کشتہ نقرہ 3گرام کشتہ بیضہ مرغ 6گرام مصری 200گرام
برادہ ناریل اور کشتہ جات کے علاوہ حسب قاعدہ تمام ادویہ ہاون دستہ سے کوٹ کر برادہ ناریل اور کشتہ جات مکس کرکے محفوظ رکھیں۔3گرام صبح و شام خالی پیٹ ہمراہ نیم گرم دودھ استعمال کریں۔موصلی سفید کا یہ مرکب انتہائی مغلظ ، مبہی اور جرثومہ مادہ منویہ بڑھانے والا نسخہ ہے۔ شادی سے پہلے اور شادی کے بعد یہ نسخہ دونوں صورتوں میں کام کرتا ہے۔
ہوالشافی
موصلی سفید 100گرام گوند کتیرا 100گرام
دونوں ادویہ الگ الگ کوٹ چھان کر 500ملی گرام والے کیپسول بھرلیں۔ 2کیپسول صبح ، شام ایک کپ نیم گرم دودھ جس میں ایک چمچ شہد اور ایک چمچ روغن زیتون ملایا گیا ہو ،کے ساتھ استعمال کریں۔ ایسے خواتین و حضرات جن کے گھٹنے روغن ختم ہونے کی وجہ سے درد کرتے ہوں ، چلتے وقت یا اٹھتے بیٹھتے کڑک کڑک کی آوازیں آئیں،ان کے لئے مجرب نسخہ ہے۔ کچھ عرصے کا استعمال فوری اثر ادویہ سے چھٹکارا دے گا۔ وہ خواتین جن کو مرض لیکوریا کی وجہ سے کمر اور پنڈلیوں میں درد رہتا ہو ،ان کو بہت فائدہ دیتا ہے۔
ہوالشافی
موصلی سفید 20گرام سبوس اسپغول 100گرام الائچی خورد 10گرام مصری 20گرام
تمام ادویہ کو الگ الگ کوٹ کر محفوظ کرکھیں۔ ایسے مریض جو خرابی ٔمعدہ مثلاً تیزابیت، گیس ، قبض اور ورم معدہ کی وجہ سے جریان و کثرت احتلام میں مبتلا ہوں ،مغلظ ادویہ کھا کھا کر قبض کا شکار ہو جائیں اورجریان و کثرت احتلام نہ ختم ہوں ان کے لئے شفائی نسخہ ہے۔3گرام صبح، دوپہر،شام ہمراہ آب تازہ استعمال کریں۔
موصلی سفید مردانہ کے علاوہ خواتین کے امراض میں بھی بے حد مفید ہے۔ موصلی سفید سے طب یونانی کی کئی معروف نسوانی ادویات تیار ہوتی ہیں۔موصلی سفید خواتین کے رحم کو مضبوط کرتی ہے جبکہ یہ سیلان الرحم اورکمر نیز پنڈلیوں کے درد کو ختم کرنے میں بھی مفید ہے۔
ہوالشافی
بالچھڑ 100گرام فلفل دراز 100گرام مغز تخم کونچ 100گرام گوکھرو 100گرام گوند کیکر 100گرام گل دھاوا 100گرام زنجبیل 100گرام تیزپات 100گرام ستاور 100گرام مغز خربوزہ 100گرام مغز چرونجی 100گرام اسگند ناگوری 100گرام موصلی سفید 100گرام موصلی سیاہ 100گرام موچرس 100گرام الائچی خورد 100گرام زعفران 10گرام گوند کتیرا 100گرام کشتہ عقیق 20گرام کشتہ خر مہرہ 50گرام
تمام ادویہ کو پیس کر محفوظ رکھیں۔ ان کے کیپ سول500ملی گرام بھرلیں۔2-2کیپسول صبح و شام ہمراہ دودھ ایک کپ قبل از غذا استعمال کریں۔ رحم کو طاقت دے کر قابل حمل بناتا ہے۔ اعصابی کمزوری اور کمردرد ختم کرتا ہے۔لیکوریا( سیلان الرحم) سے خواتین کو نجات دلاتا ہے۔یہ نسخہ خواتین کے جسم پر فالتو چربی نہیں چڑھنے دیتا ، اس لئے خواتین چاک و چوبند رہتی ہیں۔
خصوصی نوٹ
دوران تیاری نسخہ جات پنسار(عطار) سے مفردات خرید تے وقت پوری تسلی کرلیں۔ ورنہ قیمتی دوا بے اثر ثابت ہوتی ہے۔
آج کل ذیابیطس( شوگر) کا مرض عام ہے۔ علاج سے پہلے تسلی کرلیں کہ مریض کو شوگر تو نہیں ، اگر ہے تو مصری ، قند سفید شامل نسخہ نہ کریں۔ اس دوا سے علاج کرتے وقت معدہ کا خاص خیال رکھیں۔ بد ہضمی ، قبض نہ ہونے دیں۔ نسخہ جات طبیب بنائے عموماً خود تشخیصی نقصان کا باعث بنتی ہے۔

حکیم شجاع احمد طاہر
٭…٭…٭