پی ٹی سی حجامہ ونگ کا اجلاس

پی ٹی سی حجامہ ونگ کے مرکزی چیئرمین،ڈائریکٹر اشرف لیبارٹریز حکیم حامد اشرف کی زیر صدارت 7ستمبر2021ء بروز منگل کو اشرف لیبارٹریز فیصل آباد میں پی ٹی سی حجامہ ونگ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کا مقصد ’’فیصل آباد اور لاہور میں پی ٹی سی سے منسلک اطباء میں حجامہ کا شعور بیدار کرنا اور انہیں حاجم بنانے کے لئے ترغیب اورتربیت دینا‘‘ تھا۔

اجلاس میں لاہور حجامہ ونگ پنجاب کے نائب صدر حکیم فیصل جگرانوی ،جنرل سیکرٹری حکیم سیف اللہ لودھی ، چیف آرگنائزر حکیم محمد احمد بن اسحاق اور حکیم عبیدالرحمن نے شرکت کی۔ فیصل آباد سے حکیم بقاء اللہ اور راقم الحروف نے شمولیت اختیار کی۔ اجلاس میں حکیم سیف اللہ خان لودھی نے حجامہ ونگ کی کارکردگی کے حوالہ سے حکیم حامد اشرف کو بریفنگ دی اور دیگر اراکین اجلاس نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

حکیم حامد اشرف نے کہا کہ ان شاء اللہ عمل حجامہ ہر رجسٹرڈ طبیب کو سکھاناہے لیکن اس کی ابتداء فیصل آباد اور لاہور سے کرنی ہے۔ چونکہ ہم پی ٹی سی کے پلیٹ فارم سے اس عمل کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں، لہٰذا ابتداء ً ترجیح پی ٹی سی سے منسلک اطباء کو دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لئے ضروری ہے کہ ایسے اطباء جو شوق رکھتے ہیں اور ان کے پاس حجامہ سینٹر بنانے کی جگہ بھی موجود ہے ان کی فہرستیں تیار کی جائیں۔اس کام کی ذمہ داری فیصل آباد سے حکیم بقاء اللہ اور لاہور سے حکیم فیصل جگرانوی کو تفویض کی گئی۔ اپنی گفتگو کے دوران حکیم حامد اشرف نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں ہر حال میں اللہ کی رضا کے لئے کام کر نا چاہیے۔ حجامہ جیسے مسنون عمل کو اطباء میں پھیلاتے ہوئے کسی طرح کا بھی تعصب نہیں ہونا چاہیے لہٰذا جو لوگ پی ٹی سی منسلک نہیں ہوں گے انہیں بھی حجامہ کی عملی تربیت دی جائے گی ان شاء اللہ۔ انہوں نے اس بات کی بھی تلقین کی کہ پریکٹس کے دوران ہمیں طبی اصطلاحات کا استعمال کرنا چاہیے اور ہمیں مفرد ادویہ کے مزاج اور افعال پر دسترس حاصل کرنی چاہیے تاکہ ہر ہر مریض کے لئے اس کے مزاج کے مطابق نسخہ ترتیب دیا جاسکے۔ کسی بھی مریض کا حجامہ شک کی بنا پر نہیں کرنا چاہیے کہ پتہ نہیں آرام ہوگا یا نہیں۔ہمیں آپeکی حدیث پر سب سے پہلے خود اور پھر مریض کا ایمان پختہ کرنا چاہیے کہ حجامہ میں ہر مرض کا علاج ہے۔ لہٰذا مکمل یقین سے حجامہ کرنا چاہیے، شفا اللہ کے حکم سے ہی ہوتی ہے۔

اس کے بعد حکیم حامد اشرف نے تمام شرکائے اجلاس سے آراء طلب کیں جس پر راقم الحروف نے تحریری طور پر کچھ آراء پیش کیںجن میں پی ٹی سی سے منسلک رجسٹرڈ معالجین کی فہرست کی تیاری، نامور اطباء کو حجامہ سینٹر بنانے کی ترغیب ،خواہشمند حضرات کے تربیتی سیشن کا انعقاد، حجامہ کرنے والے حضرات کی بطور تربیت کار مزید تربیت کا اہتمام، سوشل میڈیا پر حجامہ کے عمل اور افادیت کی تشہیر، حجامہ سینٹرز کی تیاری اور متعلقہ اشیاء کی خرید میں راہ نمائی وغیرہ شامل ہیں۔

صدر محترم کی اجازت سے رجسٹرار نیشنل کونسل فار طب جناب ڈاکٹر محمد اسماعیل کی طرف سے پیش کئیگئے چند دیگر امور پر بحث کے بعد فیصلے کئے گئے اور اختتامی دعا کے ساتھ نیشنل کونسل فار طب کا پہلا با ضابطہ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔

ان سفارشات کوشرکائے اجلاس نے پسند کیا ۔حکیم حامد اشرف نے اس میں اس بات کا اضافہ فرمایا کہ ’’معیاری مطب کو پی ٹی سی کا لوگو استعمال کرنے کی اجازت دی جائے گی۔‘‘

دوپہر کے کھانے کے بعد حکیم حامد اشرف نے ملٹی میڈیا پر فلسفہ حجامہ پر ایک تفصیلی لیکچر دیا اور اجلاس کے اراکین کے سوالات کے تسلی بخش جوابات دیئے۔ اس کے بعد انہوں نے عملی حجامہ کی تربیت کا آغاز مطب اشرف حجامہ سیکشن سے کیا اور تمام اراکین کی موجودگی میں حکیم حامد اشرف نے اپنے ہی ہاتھ سے اپنے جسم پر حجامہ کرکے تربیت دینے کی ایک بہترین مثال پیش کی یوںیہ اجلاس ایک تربیتی پروگرام کی شکل اختیار کر گیا بعد ازاںہی حکیم سیف اللہ لودھی نے عمل حجامہ سے منسلک حضرات کا پی ٹی سی حجامہ ونگ کے نام سے واٹس ایپ گروپ بنا دیا تاکہ عمل حجامہ کے تربیتی پروگرام جلد از جلد شروع کئے جاسکیں۔

رپورٹ: حکیم محمد اصغر

٭…٭…٭

پی ٹی سی حجامہ ونگ کا اجلاس
Tagged on:                             

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *