Tibbi Istelahat

تمہید

سب تعریفیں اس خدائے واحدہ لا شریک ذات کی ہیں جس کے قبضہ قدرت میں تمام جہانوں کی بادشاہت ہے جو ہر چیز کو وجود بخشتا ہے اور فنا کرنے پر قادر ہے۔

ہر دل عزیز استاذ الحکماء میرے مربی محترم جناب حکیم منصور العزیز اور قلم کے بے تاج بادشاہ جن کو حق تعالیٰ شانہ نے تحریر کا خاص ملکہ عطا فرمایا ہے ، میرے محسن محترم جناب ڈاکٹر زاہد اشرف نے حکم دیا کہ دوا سازی کی اصطلاحات پر مضمون لکھوں ۔ اپنے محسنین کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے عرصہ دراز کے بعد اپنے دل پسند مشغلہ کی طرف لوٹ کر قلم کو جنبش دے رہا ہوں۔ رب کریم سے مدد کا طالب ہوں اور قارئین کرام سے دعائوں کی درخواست ہے۔

اصطلاحات دوا سازی کو شروع کرنے سے پہلے فن دوا سازی (Pharmacy)کے بارے میں کچھ معلومات تحریر کروں گا۔

دواسازی /صیدلہ

تعریف :دوا سازی علم الادویہ کے اس عملی حصے کو کہتے ہیں جس میں ادویاتی تاثیر والی اشیاء کو مختلف مراحل میں سے گزار کر استعمال کے قابل بنایا جاتا ہے۔فن دواسازی بہت وسیع علم ہے۔

1۔اس میں خاص تراکیب کے ذریعے مفرد ادویات کو آپس میں ملا کر مرکب دوا تیار کرنے کے طریقے بتائے جاتے ہیں مثلاً اطریفلات، جوارشات، لبوبات، لعوقات، مشروبات، خمیرہ جات اور معجونات وغیرہ۔

2۔مفرد ادویات سے مختلف طریقوں کے ذریعے ادویاتی اجزاء حاصل کرنے کے بارے میں بتایا جاتا ہے۔ مثلاً روغنیات ، عرقیات ، جوہر، آب مروقین، عصارہ اور رُب وغیرہ۔

3۔فن دوا سازی میں بعض مفرادویات کے نقصان دہ اثرات کو اصلاح و تدبیر کے ذریعے دور کرکے بے ضرر بنانے کے بارے میں آگاہی دی جاتی ہے ۔ مثلاً مدبر کرنا ، بریاں کرنا ، مشوی کرنا وغیرہ۔

4۔حجریات اور دھاتوں وغیرہ کو عمل تکلیس کے ذریعے استعمال کے قابل بنانے کے بارے میں معلومات دی جاتی ہیں، جیسے کشتہ جات وغیرہ۔

ہدایات

دوا کی تیاری تھوڑی مقدار میں ہو یا زیادہ مقدار میں یہ بہت اہمیت کا حامل کام ہے۔ کیونکہ اس کو ان لوگوں نے استعمال کرنا ہے جو کہ مختلف قسم کی تکالیف میں مبتلا ہیں اور اگر دوا کی تیاری اصول وضوابط کو مد نظر رکھ کر نہ کی جائے تو دوا سے مطلوبہ فوائد حاصل نہیں کئے جاسکتے بلکہ دوا فوائد کی بجائے نقصان کا باعث بھی بن سکتی ہے۔ لہٰذا بہترین دوا سازی کے لیے درج ذیل بنیادی ہدایات پر ضرور عمل کرنا چاہیے۔

1۔نسخہ میں شامل تمام مفرد ادویات کے خالص ہونے کو یقینی بنایا جائے۔

2۔مفرد ادویات کی ظاہری صفات یعنی رنگ ، بو، مزہ اور شکل و صورت وغیرہ ٹھیک ہونی چاہیے۔

3۔نسخہ میں موجود تمام مفرد ادویات کو تحریر شدہ نسخہ کے مطابق چیک کیا جائے اور ان کو اچھی طرح صاف کرکے ان میں سے تمام آلائشیں یا خارجی اشیاء نکال کر نسخے کے مطابق وزن پورا کیا جائے۔

4۔اگر نسخہ میں کوئی ایسی دوا شامل ہو کہ جس کے نقصان دہ اثرات کو ختم کرنے کے لیے اسے اصلاح کے مراحل میں سے گزارنا ہو تو بہت احتیاط سے اس دوا کی پہلے اصلاح کی جائے۔

5۔دوا کی تیاری میں استعمال ہونے والے سامان کو اچھی طرح صاف کیا جائے۔

6۔دوا ساز کا صحت مند ہونا بہت ضروری ہے، بالخصوص دوا ساز کسی متعدی مرض میں مبتلا نہ ہو۔

7۔دوا کی تیاری میں بہتری اور دوا ساز کی صحت کے تحفظ کے لئے ضروری ہے کہ دوا تیا کرتے وقت دوا ساز ماسک ، گلوز اور کیپ کا استعمال کرے۔

8۔دوا کی تیاری کے تمام مراحل میں دوا کے ساتھ اس کا نام ، تاریخ اور بیج نمبر کی شناختی سلپ ضرور لگانی چاہیے۔

9۔دوا سازی کے لیے مختص جگہ صاف ہونی چاہیے۔ وہاںمکھی، مچھر اور کسی قسم کے حشرات الارض موجود نہ ہوں۔

10۔دوا ساز کو اپنی ذاتی صفائی کا بھی خاص خیال رکھنا چاہیے۔

اصطلاحات Terminology

تعریف: اصطلاحات اصطلاح کی جمع ہے۔ اصطلاح عربی کا لفظ ہے ۔ لغوی طور پر اس سے مراد یہ ہے کہ ”کسی علمی یا فنی گروہ کا کسی لفظ کے عام معنوں کے علاوہ کوئی خاص مفہوم مقرر کرلینا۔”

چنانچہ طب یونانی ( اسلامی) میں بعض اصطلاحات کو بیان کیا جاتا ہے ایسی اصطلاحات کو دوا سازی کی اصطلاحات کہا جاتا ہے۔ ذیل میں ان کا مفہوم بیان کیا جارہا ہے:

احراق(Incineration)

لغوی معنی جلانا ، پھونکنا، سوختہ کرنا ۔

تعریف: دوا کو جلا کر راکھ یا کوئلے جیسا بناد ینے کے عمل کو احراق کے نام سے موسوم کرتے ہیں۔ عمل احراق کے ذریعے جلائی ہوئی چیز کو محرق (Incinerated)کہتے ہیں۔

مقاصد: عمل احراق کے ذریعے دوا کو جلا کر کوئلہ یا راکھ بنانے کے درج ذیل مقاصد ہیں:

i) دوا کی قوت تجفیف (خشکی پیدا کرنے والی قوت) کو بڑھانا۔

ii) دوا کو پسنے کے قابل بنانا۔

iii) بعض ادویات کی قوت کو کم کرنے اور ان کی تیزی و حرارت میں کمی لانے کے لیے ان پر عمل احراق کیا جاتا ہے۔

iv) بعض ادویات کی قوت کو زیادہ کرنے اور ان کی تیزی و حرارت میں اضافہ کرنے کے لیے انہیں محرق کیا جاتا ہے۔

احراق اور تکلیس میں فرق

تکلیس ادویات کو جلا کر چونے جیسا بنا دینے کو کہتے ہیں جبکہ احراق کا عمل بہت عام ہے۔ اگر دوا جل کر راکھ یا کوئلہ بن جائے تو دونوں اعمال کو احراق کے نام سے تعبیر کرتے ہیں۔

حکیم محمد عرفان اکرم

اصطلاحات دوا سازی/ صیدلہ
Tagged on:                     

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *